سری نگر: حریت رہنما یاسین ملک کو جعلی مقدمے میں مجرم قراردینے کے خلاف مقبوضہ کشمیرمیں مکمل ہڑتال ہے۔

باغی ٹی وی : کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت رہنما یاسین ملک کو جعلی مقدمے میں سزا دینے کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کی اپیل پرمکمل ہڑتال ہے کل جماعتی حریت کانفرنس نے کل (بدھ کو)مقبوضہ جموں وکشمیراور دنیا کے تمام بڑے دارالحکومتوں میں احتجاجی مظاہروں کی کال بھی دی ہے۔

حریت رہنما یاسین ملک کی رہائی کیلئے اسلام آباد میں ریلی

مقبوضہ وادی میں دکانیں، کاروباری مراکز اورتعلیمی ادارے بند ہیں اور ٹریفک سے خالی سڑکیں سنسان ہیں۔ حریت رہنما یاسین ملک کی سزا کے خلاف مختلف علاقوں میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔

قابض بھارتی فورسزنے کشمیریوں کے احتجاج کو طاقت سے دبانے کے لئے اضافی نفری تعینات کردی اورمتعدد سڑکوں کو رکاوٹیں اورخاردار تارلگا کربند کردیا گیا ہے۔ بھارت کی کٹھ پتلی انتظامیہ نے بہت سے علاقوں میں انٹرنیٹ اورموبائل سروس بھی بند کردی ہے۔

بھارت کی بدنام زمانہ تفتیشی ایجنسی این آئی اے کی عدالت نے 2017میں جموں وکشمیرلبریشن فرنٹ کے رہنما یاسین ملک کو دہشتگردی کی معاونت اودیگرجھوٹےمقدموں میں مجرم قراردیا ہے اورانہیں کل سزا سنائی جائے گی۔ یاسین ملک طویل عرصےسےبھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید ہیں-

دوسری جانب پیس اینڈ کلچرپارٹی کی چیئرپرسن اورکشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے عالمی برادری پرزوردیا ہے کہ وہ یاسین ملک کیس میںبھارت کو قیدیوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی سے روکے ۔

مشعال حسین ملک نے آج اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے رہنما سلیم مانڈوی والا کے ہمراہ ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یاسین ملک کو گزشتہ ساڑھے تین سال سے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں قید ہیں۔

انہوں نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے بھی کہا کہ وہ یاسین ملک کی غیر قانونی نظربندی معاملے کو عالمی فورمز پر اٹھائیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سلیم مانڈوی والا نے مشعال ملک کو یقین دلایا کہ پاکستان کشمیریوں بالخصوص حریت رہنما یاسین ملک کو ان کے حقوق دلوانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا اگر بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو کا معاملہ عالمی عدالت انصاف میں لے جایا جا سکتا ہے تو یاسین ملک کے کیس کو عالمی عدالت انصاف میں لے جانے پر غور کیوں نہیں کیا جا سکتا۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ میرے پاپا کا مسئلہ دیکھیں، بیٹی یاسین ملک

Shares: