صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر پیغاممیں کہنا تھا کہ ملک کی داخلی سلامتی کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاکستان پولیس کے بہادر جوانوں اور افسران کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں.
صدر پاکستان عارف علوی نے کہا: پاکستان پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا، فرض کی ادائیگی کے دوران پاکستان پولیس کے بےشمار جوانوں نے جام شہادت نوش کیا.
انہوں نے مزید کہا: آج کے دن ہم پولیس کے تمام شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں اور اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ قوم اپنے ان محسنوں کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی.
صدر پاکستان نے کہا: پولیس کے جوان محدود وسائل اور نامساعد حالات کے باوجود قوم کی خدمت میں مصروف عمل رہتے ہیں، پولیس جوان جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کیلئے ہمہ وقت کوشاں رہتے ہیں.
صدر مملکت کے مطابق: ملک کی اندرونی سلامتی، امن و امان یقینی بنانے اور سماج دشمن عناصر کی روک تھام میں پولیس کا کلیدی کردار ہے، پاکستان کو مثالی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے ہمیں ملک بھر میں امن و امان، انسانی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا، ولیس کے جوان دیانت داری ، فرض شناسی ، عوامی خدمت اور انسانی وقار کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت جاری رکھیں.
دوسری جانب وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے یوم شہدائے پولیس بارے اپنے پیغام میں کہا: وطن عزیز پر اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے پولیس شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں.
انہوں نے کہا: پنجاب پولیس کے شہداء نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنی زندگیوں کی قربانی دیکر ایک تاریخ رقم کی ہے، پولیس شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں.
الہی نے مزید کہا: پولیس شہداء کے اہل خانہ کی دیکھ بھال ہماری ذمہ داری بھی ہے اور فرض بھی، پنجاب حکومت شہداء کے خاندانوں کی ویلفیئر کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا تی رہے گی۔
وزیر اعلی نےکہا: شہدائے پولیس کے خاندانوں کے ساتھ ہر موقع پر کھڑے رہیں گے، یوم شہدائے پولیس بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے.
وزیر اعلی پرویز الہی نے کہا: شہید ہونے والے پولیس افسروں اورجوانوں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، پولیس کے شہداء ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔








