ٹھٹھہ :کھیلوں کے ذریعے ہی نوجوانوں کو منشیات و دیگر سماجی برائیوں سے دور رکھاجاسکتاہے-غضنفرقادری

ٹھٹھہ،باغی ٹی وی( نامہ نگار راجہ قریشی)کھیلوں کے ذریعے ہی نوجوانوں کو منشیات و دیگر سماجی برائیوں سے دور کرکے صحتمند سرگرمیوں کی جانب راغب کیا سکتا ہے۔ غضنفر علی قادری.کھیلوں کے فروغ سے عوام کو تفریح کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کی جسمانی اور ذہنی نشو نما بھی ہوتی ہے۔ ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ
تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ غضنفر علی قادری نے کہا ہے کہ کھیلوں کے فروغ سے عوام کو تفریح کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کی جسمانی اور ذہنی نشو نما بھی ہوتی ہے اور کھیلوں کے ذریعے ہی نوجوانوں کو منشیات و دیگر سماجی برائیوں سے دور کرکے صحتمند سرگرمیوں کی جانب راغب کیا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مکلی کرکٹ اسٹیڈیم میں حکومت سندھ اور سندھ کرکٹ ایسوسیئشن کی جانب سے انٹر اسکول کرکٹ چیمپئن شپ کے فائنل میچ کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں کھیلوں کے انعقاد سے نوجوانوں کو اپنا ٹیلینٹ ظاہر کرنے کا موقع ملے گا تاکہ وہ اپنے ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ٹھٹھہ کے نوجوانوں میں بہت میں بڑا ٹیلنٹ موجود ہے ان کی حوصلہ افزائی اور ہمت بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد "اسپورٹس فار لائف” کے نام سے ایک اسپورٹس فیسٹیول کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے جس پر تیزی سے کام جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مکلی کرکیٹ اسٹیڈیم کی بحالی و مرمت اور دیگر تمام مسائل جلد حل کیئے جائینگے تاکہ کھلاڑی پر سکون ماحول میں کھیلوں کا مقابلہ کر سکیں۔ بعد میں ڈپٹی کمشنر نے فاتح ٹیموں کے کھلاڑیوں میں ونر اور رنر ٹرافیاں تقسیم کیں اور ونر ٹیم کے لئے 10 ہزار روپے جبکہ رنر ٹیم کیلئے 5 ہزار روپے اور آرگنائزنگ کمیٹی کو 10 ہزار روپے کیش انعام دینے کا اعلان بھی کیا۔ تقریب سے ڈی ای او سیکنڈری حضور بخش خاصخیلی، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خدا بخش بہرانی، ڈی ای او اسپورٹس اسکول نور سرائی، فوکل پرسن سندھ اسپورٹس ایسوسیئشن محمد شریف گجر و ديگر نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول گھارو نے کانسیپٹ اسکول مکلی کو ہرا کر فائنل میچ جیت لیا۔ اس موقع پر سابق ڈی جی کالجز غلام مصطفی چارن، ضلعی صدر اسپورٹس ایسوسیئشن احمد علی بلوچ، چا‏ئلڈ پروٹیکشن افسر مہرین اقبال سومرو۔ اے ڈی ای او عبدالحم؛د سومرو، ڈسٹرکٹ انفارمیشن افسر محفوظ علی سومرو،فوکل پرسن اسکولز محمد صفدر ٹھٹھوی، سپرنٹنڈنٹ ڈی سی آفس سید ریاض حسین شاہ سمیت مختلف محکموں کے افسران، کھلاڑی، طلباء، والدین اور شائقین بھی موجود تھے۔ قبل ازیں نوجوان کھلاڑیوں کی جانب سے ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری کا اسٹیدیم میں آنے پر والہانہ استقبال کیا گیا اور کھیلوں کے انعقاد و تعاون پر انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔

Leave a reply