پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن میں دھاندلی نہ ہوتی تو پرویز الہٰی وزیر اعلیٰ پنجاب ہوتے۔
اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بابر اعوان نے کہا کہ اگر دھاندلی نہ ہوتی تو ضمنی الیکشن میں 20 سیٹیں ہماری ہوتیں۔انہوں نے کہا کہ اگر17 جولائی کے ضمنی الیکشن میں دھاندلی نہ ہوتی تو پرویز الہٰی وزیر اعلی پنجاب ہوتے۔پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے آج سماعت کے دوران دوسرے فریق کو ایک اور موقع دیا ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ دوسری سائیڈ کو موقع ملا ہے، وہ کچھ کہنا چاہتے ہیں تو کہیں۔
علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر قانون اور دیگر وزرا نے آج بدتمیزی کی۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) والے بچوں کی طرح رو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عدالت کے خلاف مہم چلانے کا منصوبہ بنا رہی ہے، عدالت کو متنازع بنانے کی کوشش ہو رہی ہے، سپریم کورٹ پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں اپنے فیصلے خود کرنے کی اہلیت ہونی چاہیے۔