صدر مملکت آصف علی زرداری نے پرنس رحیم الحسینی سے ملاقات کرکے ان کے والد اور اسمٰعیلی مسلمانوں کے 49ویں امام شہزادہ کریم الحسینی آغا خان چہارم کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔
باغی ٹی وی کے مطابق ایوان صدر کے پریس ونگ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پوری قوم ایک سچے دوست اور عظیم انسان دوست شخصیت سے محروم ہونے پر سوگوار ہے، مرحوم آغا خان سے ذاتی تعلق تھا، انتقال سے گہرا صدمہ پہنچا۔صدر مملکت نے مرحوم آغا خان کے پاکستان کی سماجی اور معاشی ترقی میں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی دور اندیش قیادت نے پاکستان اور دنیا کے دیگر خطوں میں لوگوں کی زندگیوں کو بہتر کیا۔انہوں نے بتایا کہ چین کے سرکاری دورے کے دوران آغا خان کے انتقال کی خبر ملی، مرحوم آغا خان کی انسان دوستی اور انسانیت کے لیے زندگی بھر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے پرتگال کے دارالحکومت لزبن آیا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ انسانیت کے لیے مرحوم آغا خان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، صدر مملکت آصف علی زرداری نے امید ظاہر کی کہ اسمٰعیلی برادری کے 50ویں روحانی پیشوا پرنس رحیم الحسینی انسانیت کی خدمت کے اپنے والد کے مشن کو جاری رکھیں گے۔یاد رہے کہ صدر مملکت پرنس کریم آغا خان مرحوم کی وفات پر تعزیت اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے لزبن کے دورے پر ہیں۔
سالی سے تعلقات، شوہر نےجواں سال بیوی کو قتل کردیا
غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم گرفتار، ملکی و غیرملکی کرنسی برآمد
سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ، نئی قیمت 3 لاکھ 3 ہزار
اسلام آباد ہائیکورٹ، ججز کی سینیارٹی تبدیلی پر 5 ججز کی درخواستیں مسترد