ننکانہ صاحب بزدار حکومت کی خصوصی ہدایت کی روشنی میںعید کی چھٹیوں کے دوران ضلع بھرمیں حکومتی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ضلعی افسران کی جانب سے کاروائیوں کا سلسلہ جاری رہا،ضلع بھر میں لاک ڈاﺅن پر مکمل عملدرآمد کروایا گیا ،لاک ڈاﺅن کے دوران کورونا آرڈیننس کے تحت کاروائی کرتے ہوئے متعدددوکا نداروں کے خلاف ایف آئی آرکااندراج کروایا گیا جبکہ 5ہزار سے زائد دوکانوں کو سیل کیا گیا۔
ان خیالات کاظہار ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد نے عید کی چھٹیوں میں ضلعی افسران کی جانب سے حکومتی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کی گئی کاروائیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کیا ۔ڈپٹی کمشنر راجہ منصورا حمد نے کہا کہ عوام الناس احتیاط کا دامن تھام کر کورونا وائرس سے بچنے کے لیے تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، عوام الناس اپنی دکانوں پر حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں ۔
ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں بھی حکومتی ایس او پیز کی چیکنگ کی جارہی ہے، پبلک ٹرانسپورٹ میں حکومتی احکامات کی چیکنگ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بسوں اور ویگنوں میں سفر کے دوران ایس او پیز پر عمل کرنا شہریوں کی ذمہ داری ہے تاہم انتظامی اقدامات کے ذریعے بھی حکومتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا کسی کو بھی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔
انہوں نے مزید ضلع بھر کی عوام سے اپیل کی کہ غیر ضروری سفر اور گھروں سے نکلنے سے پرہیز کریں، رش والی جگہ پر جانے سے گریز کریں ،اپنے ہاتھوں کو بار بار صابن سے دھوئیں اور ہینڈ سینیٹائزر کے استعمال کو یقینی بنائیں تا کہ ملک پاکستان سے کرونا وائرس کو شکست دی جا سکے۔