زباں و ذائقہ…!!!
(تحریر:جویریہ بتول)۔
زبان کا نرم لوتھڑا سب کو ایک جیسا عطا ہوا ہے،
مگر ہم اس پر فصل اپنی مرضی سے کاشت کرتے ہیں…
راہوں کو اُلجھاتی خود رو بوٹیوں کی…
یا…
اُمید کے پھول کھلاتی خوشبو کی…!!!
لوہے سے بھی زیادہ شدت سے لگتے وار سے کسی کے لیئے باعثِ تکلیف بناتے ہیں…
یا پھر نرمی کے بول سے کسی کے دل کے آنگن میں ہمیشہ کے لیئے اَمر ہو جاتے ہیں…
یاد رکھیئے کہ زباں سے نکلتے فقط لفظ ہی ہیں…
مگر وہ اپنے ذائقہ کے لحاظ سے بہت متصادم راہیں متعین کرتے ہیں…
دل میں بہت گہرائی تک اُتر جانے والی…
یا پھر دل کی نگری سے ہمیشہ کے لیئے نکل جانے والی…
انہی لفظوں میں شہد جیسی مٹھاس کا بھی احساس ہوتا ہے…
اور یہی لفظ زہر کی مانند بھی رگ و پے میں اُتر جاتے ہیں…!!!
بسا اوقات ہمارے کہے گئے الفاظ ہمارے مرنے کے بعد بھی کسی کے لیئے اُمیدِ منزل ثابت ہوتے ہیں…
اور بعض اوقات ہمارے الفاظ ہی ہماری موت کے بعد بھی کسی کی تلخی کو بڑھاوا دے رہے ہوتے ہیں…!!!
ہاں زباں سب کو نرم ہی عطا ہوئی ہے…
مگر ہم اس پر فصل اپنی مرضی سے کاشت کرتے ہیں…
ذائقہ کی لذت اور شدت کا تعین ہم خود کرتے ہیں…
کسی کا دل جیت لیتے ہیں…
کسی کے دل کو مار دیتے ہیں…!!!
کسی کی راہ میں خوشبو پھیلاتے…
کسی کی راہ میں کانٹے بچھاتے ہیں…!!!
کسی کے ہم میٹھے میٹھے…
کسی کے لیئے ہم سدا کے روٹھے…
جبکہ حکم کیا ملا تھا…؟
و قولو للناسِ حسنا…
سبھی سے بھلی بات کہو…
اپنے سے،پرائے سے…
دوستوں کے بارے،دشمنوں کےبارے…
تمہاری جنگ دلیل،حکمت اور نرمی سے زیر کرنا ہو…
ترشی،بد کلامی سے ذلیل کرنے کی کوشش نہیں…
بات سب سے اچھی…
ذائقہ سب کے لیئے بہتر…
خوشبو سب کے لیئے یکساں…
نرمی میں سب کا حصہ…!!!
برائی کو بھی بھلائی سے دور کرنا…
سخت لہجوں کے ردِ عمل میں نرم گوشہ پیدا کرنا…
جہالت کے اندھیرے اور مظاہرے میں بھی عِلم کی شمع سے روشن رکھنا…
رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم سے اجڈ اور گنوار بدتمیزی کی حد تک گزر جاتے…
رد عمل کیا ہوتا تھا؟
محسنِ انسانیت کے لبوں پہ گہری مسکراہٹ…
اپنی ذات کے لیئے کبھی نہ بدلہ لینے والے…!!!
اخلاق کے بلند ترین منصب پر فائز…!!!
صالح اخلاق کی تکمیل کے لیئے بھیجے گئے…
یہی کسی کردار کے اَمر ہونے کی نشانی…
اور یہی انداز لاثانی ہے…!!!
زباں کا ذائقہ شیریں رکھنا…
لہجوں کی ترشی کو…
سدا ہی زیریں رکھنا…
پھر جب کڑواہٹ اور چاشنی کا موازنہ کیا جائے گا تو یقیناً فتح تمہارا مقدر ہو گی…!!!
==============================
(جویریات ادبیات)۔
¤¤¤¤¤¤¤¤¤¤¤¤¤¤¤¤¤¤¤¤¤¤

Shares: