حکومت کسان دوست اقدامات کر رہی ہے‘ مومنہ وحید

لاہور۔ (اے پی پی) چیئر پرسن سٹینڈنگ کمیٹی فار چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم مومنہ وحید نے کہا ہے کہ حکومت کسان دوست اقدامات کر رہی ہے، کسانوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہے ہیں۔ ماضی میں کسان پیکج کے نام پر جھوٹ بولا گیا تھا لیکن اب سچ بولنے کا وقت آگیا ہے۔ پنجاب میں اس سال 20نئے بیج متعارف کرائے جارہے ہیں۔سفید مکھی اوردیگر نقصانات سے بچنے کیلئے اجناس کے نئے بیج کا استعمال یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے اہداف تیزی سے حاصل کر رہی ہے۔ جولائی اور اگست کے مہینے میں ٹیکس وصولیوں کی شرح میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 15فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ٹیکس محصولات کی مد میں جولائی اگست کے دوران گزشتہ سال 509 ارب روپے جبکہ رواں سال 580 ارب روپے حاصل کئے گئے۔ اسی طرح ان لینڈ ٹیکس کی مد میں 38 فیصد اضافہ ہوا ۔ٹیکس فائلرز کی تعداد 19 لاکھ سے بڑھا کر 25 لاکھ تک کر دی گئی ہے۔ اسی طرح سیلز ٹیکس ریفنڈ کی مد میں 2015ء سے زیرالتواء کیسوں کو نمٹایا گیا اور پہلے مرحلے میں 22 ارب روپے کی ادائیگی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ریفنڈ کا کوئی کیس نہیں ہے، اسی طرح ایک لاکھ روپے تک انکم ٹیکس ریفنڈ کی مکمل ادائیگی ہو رہی ہے۔

Comments are closed.