اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد ناردرن نے بلوچستان کو شکست دے کر نیشنل ٹی ٹونٹی کپ جیت لیا
فیصل آباد(محمد اویس کی رپورٹ) ناردرن نے بلوچستان کو 52رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر نیشنل ٹی ٹونٹی کپ جیت لیا۔ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں ناردرن نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 167رنز بنائے۔ جواب میں بلوچستان کی پوری ٹیم 115 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اس سے قبل بلوچستان کےکپتان حارث سہیل نے ٹاس جیت کر پہلےفیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو تجربہ کار اوپنر عمر امین نے اننگزکے آغاز میں ہی جارحانہ انداز اپنا لیا۔ عمر امین نے38 گیندوں پر 6چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 60 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ ا نہوں نےسہیل اختر اور علی عمران کے ساتھ بالترتیب49 اور 46رنز کی شراکت قائم کی۔ اختتامی اوورز میں محمد نواز اور شاداب خان نے چھٹی وکٹ کے لیے 58 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔محمد نواز 31 اور شاداب خان 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ناردرن نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے۔بلوچستان کی جانب سے عماد بٹ اور حسین طلعت نے 2،2 کھلاڑیوںکو آؤٹ کیا۔ 168 رنز کے تعاقب میں بلوچستان کے بلے باز ناردرن کی مضبوط باؤلنگ لائن اپ کے سامنےزیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور پوری ٹیم 18.2اوورزمیں 115 رنز پرآؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئی۔بلوچستان کی جانب سے عمران فرحت 32 اور اویس ضیاء 28 رنز بنا کر ٹاپ اسکوررہے۔ناردرن کے تجربہ کار میڈیم پیسر سہیل تنویر نے 27 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اسپنر محمد نواز اور شاداب خان نے بھی 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ جارحانہ اننگز کھیلنے پرفات
ح ٹیم کےاوپنرعمر امین کو مین آف دی فائنل میچ کا انعام دیا گیا۔ 6 میچوں میں 215 رنز اور وکٹوں کے پیچھے 6 شکار کرنے والے خیبرپختونخوا کےکپتان محمد رضوان کو ایونٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ایونٹ میں14وکٹیں حاصل کرنے والے ناردرن کےتجربہ کار میڈیم پیسر سہیل تنویر کو بہترین باؤلرجبکہ276 رنز بنانے والےبلوچستان کے اوپنراویس ضیا نے ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹسمین کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔ ناردرن کےروحیل نذیر کوٹورنامنٹ کے بہترین وکٹ کیپر کا ایوارڈ دیا گیا۔