فیصل آباد(محمد اویس)صوبائی وزیر وومن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض فتیانہ نے کہا ہے کہ غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل طالب علم وطن عزیز کا روشن مستقبل ہیں حکومت پنجاب ایسے طالب علموں کو جدید وعالمی معیار کی تعلیم وتربیت فراہم کرنے والے اداروں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے جن کی بھرپورحوصلہ افزائی جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے یہ بات نیشنل فرٹیلائزر کارپوریشن انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ فرٹیلائزر ریسرچ جڑانوالہ روڑ میں طالب علموں کے تیار کردہ ریسرچ پراجیکٹس دیکھتے ہوئے کہی۔ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ اشرف ڈوگر،آرگنائزرکنزا طیب اور دیگر اساتذہ وطالب علم بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر وومن ڈویلپمنٹ نے طالب علموں کے تیار کردہ پراجیکٹس دیکھے اور ان میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ایسے پراجیکٹس کی نمائش کی بدولت نہ صرف طالب علموں کی حوصلہ افزائی بلکہ علوم وفنون کی نئی راہیں کھلتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب زرعی ایجوکیشن کلچر کو پروان چڑھانے کے لئے سرگرم ہے تاکہ جدید ترین ایجادات سامنے آسکیں۔انہوں نے طالب علموں سے گفتگو بھی کی اور ان کی ذہنی وفکری صلاحیتوں کو سراہا۔انہوں نے تعلیمی وتحقیقی اداروں اور صنعتی وکمرشل یونٹس کے آپس میں مضبوط رابطے پر زور دیا تاکہ علم وتحقیق کو بروئے کار لاکر ترقی میں جدت پیدا کی جاسکے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ تعلیم میں ریسرچ کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا جس سے نہ صرف تحقیق کی علمی گہرائیوں میں اضافہ بلکہ شعبہ جاتی ترقی کو بھی فروغ ملتا ہے۔قبل ازیں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر وومن ڈویلمپنٹ نے بتایا کہ محکمہ وومن ڈویلمپنٹ خواتین کو معاشرے میں معاشی طور پر مستحکم بنانے کے ساتھ ان کی فلاح وبہبود وترقی کے لئے سرگرم عمل ہے۔انہوں نے کہاکہ معاشرے کی تعمیر وترقی کے لئے خواتین کا کردار یکساں اہمیت کا حامل ہے اس سلسلے میں حکومت پنجاب کی طرف سے دیگر اقدامات کے علاوہ ورکنگ وومن کے بچوں کی دیکھ بھال کے لئے ڈے کیئر سنٹرز بھی قائم کئے جارہے ہیں۔انہوں نے ادارہ کی انتظامیہ سے کہا کہ وہ ڈے کیئر سنٹر کے قیام کے لئے محکمہ کو تحریر کریں جس پر جلد عملدرآمد کرایا جائے گا۔انہوں نے طلباء وطالبات سے کہا کہ وہ تعلیم سے فارغ ہونے کے بعد اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے کے لئے بزنس کو بھی ترجیح دیں جنہیں ہر ممکن سپورٹ فراہم کی جائے گی۔انہوں نے ادارہ کی مثالی کارکردگی کو سراہا اور اساتذہ میں تعریفی شیلڈز بھی تقسیم کیں۔ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ اشرف ڈوگر نے تقریب میں شرکت اور طالب علموں کی بھرپور حوصلہ افزائی پرصوبائی وزیر وومن ڈویلپمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کالج کی تعلیمی وتحقیقی میدان میں پراگریس کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انسٹیٹیوٹ میں طالب علموں کو بیچلر آف بزنس ایڈمنسٹریشن،بی ایس سی کمپیوٹر سائنس،بی ایس سی سول انجینئرنگ ٹیکنالوجی،بی ایس سی کیمیکلز انجینئرنگ،بی ایس سی الیکٹریکل انجینئرنگ،بی ایس سی مکینیکل انجینئرنگ ٹیکنالوجی،بی ایس سی مکینیکل انجینئرنگ کے علاوہ کیمیکل انجینئرنگ میں ایم ایس سی بھی کرائی جارہی ہے اوریہ ادارہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور سے الحاق شدہ ہے۔
۔۔۔///۔۔۔

Shares: