فیصل آباد آرٹس کونسل کے زیراہتمام ملکہ ترنم میڈم نور جہاں کی خدمات کو سلام پیش کرنے کے لئے ایک تقریب نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جس میں گلوکاروں نے نور جہاں کے گائے ہوئے شہرہ آفاق گیت پیش کئے۔ڈائریکٹر آرٹس کونسل صوفیہ بیدار،ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن سبحان علی،کپل آف فیصل آباد مسٹر اینڈ مسز ناصر اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں موجود تھے۔ڈائریکٹر آرٹس کونسل نے کہا کہ بر صغیر کی عظیم فنکارہ ملکہ ترنم کو مداحوں سے بچھڑے 19سال بیت گئے لیکن ان کی مدھر آواز آج بھی سننے والوں کے کانوں میں رس گھولتی ہے‘انہوں نے موسیقی کی دنیا میں اپنا منفرد مقام حاصل کیا۔انہوں نے کہا لیجنڈگلوکاروں واداکاروں کو سلام پیش کرنے کے لئے تقریبات کا انعقاد تسلسل سے جاری ہے۔دیگر مقررین نے ملکہ ترنم کے گانوں پر پروفارمنس پیش کرنے والے گلوکاروں کی صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا کہ میڈم نورجہاں نے برصغیر پاک وہند میں اپنی آواز کا جادوجگایا۔انہوں نے نورجہاں کی خدمات کو سلام پیش کرنے کے لئے تقریب کے انعقادپر آرٹس کونسل کی کاوشوں کو سراہا۔

Shares: