ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کا اہم اجلاس۔ اوور سیز پاکستانیوں کے لیے خوشخبری

0
47

گوجرانوالہ: ڈپٹی کمشنر نائلہ باقر کی زیر صدارت ضلعی اوورسیز کمیٹی کا اجلاس، ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد علی وسیم، اسسٹنٹ کمشنرز، سی ای او ایجوکیشن سمیت دیگر کی شرکت، ڈپٹی کمشنر نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی درخواستوں پر ناجائز قبضوں، فراڈ،جرائم، وفاقی و صوبائی محکموں کی طرف سے فراہم کی جانے والی سروسز کے معیاراور محکموں سے متعلق شکایات پر فریقین کے موقف کی سماعت کی۔

ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نے سمندر پار پاکستانیوں کی شکایات کے ازالہ کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب،ضلعی انتظامیہ ا ور پولیس سمیت دیگر محکمے سمندر پار پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار اور کوشاں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں کی پراپرٹیز پر ناجائز قبضے میرٹ پر ختم کیے جائیں،اصل مالکان کو انکا حق واپس دلایا اور فراڈ ودھوکہ دہی کے مرتکب افراد کو قانون کی گرفت میں لایا جائے تاکہ ملکی معیشت کو سپورٹ کرنے والے سمندر پار پاکستانیوں کے حقوق کا تحفظ اور اداروں پر انکے اعتماد کوبحال کیا جاسکے۔سی پی او ڈاکٹر معین مسعود کی نمائندگی کرتے ہوئے ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد علی وسیم نے کہا کہ پولیس قانون کے نفاذاور شہریوں کے حقوق کے تحفظ پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے پولیس سے متعلق شکایات پر مزید سماعت کے لیے فریقین کو اپنے دفتر طلب کیا تاکہ جلد فیصلے کیے اور حقدران تک انکا حق پہنچایا جاسکے۔

ایس این اے تنویر عباس نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک اوور سیز کمیشن کے قیام سے ضلعی اوور سیز کمیٹی کوبذریعہ ڈیش بورڈ 518کیسز موصول ہوئے جن میں سے 339کوحل کرتے ہوئے اربوں روپے مالیت کی پراپرٹیز واگزار، دھوکہ دہی میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی اور سمندر پار پاکستانیوں کو ان کا حق واپس دلایا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 179کیسز پر محکمانہ کاروائی جاری ہے جنہیں جلد حل کرنے اور رپورٹ کرنے کو کہا گیا ہے۔ شہریوں کی طرف سے اوورسیز کمیٹی کے فورم کی کارکردگی کو سراہا گیا اور ان کی پراپرٹیز واپس دلانے پر حکومت اور ضلعی انتظامیہ و پولیس کا شکریہ ادا کیا۔

اسسٹنٹ کمشنر ز (صدر اور وزیرآباد)سے متعلق 4کیسز میں فریقین نے بتایا کہ انکے مابین معامالات اسسٹنٹ کمشنرز کی خصوصی کاوشوں سے طے پاگئے ہیں جس پر ڈپٹی کمشنر نے دونوں اسسٹنٹ کمشنرز کی کار کردگی کو سراہا اور تمام محکمہ جات کے سربراہان کو ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس سے قبل سمندر پار پاکستانیوں کے شکایات کو میرٹ پر حل کیا جائے

Leave a reply