اسلام آباد :میں بتاتا ہوں کہ بھارت جس نظریے پرقائم ہوا تھا وہ نظریہ اب فوت ہوچکا،جن لوگوں نے بھارتیوں کو آزادی دلوائی ان کا آج نام ونشان تک مٹا دیا گیا ہے، اطلاعات کے مطابق بھارت کی ہندوتوانظریے زبردستی نافذ کرنے کے خلاف پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج بھارت ہندوستان بن گیا ہے کیونکہ ہندو توا سوچ غالب آچکی ہے،
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بھارت کی سوچ بدل گئی ہے، آج نہرو اور گاندھی کا بھارت نہیں ہے ، آج بھارت ہندوستان بن گیا ہے کیونکہ ہندو توا سوچ غالب آچکی ہے۔ہندوستان گاندھی کی سوچ سے ہٹ کر آر ایس ایس کی ڈگر پر چل پڑا ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سیکولر سوچ جس کا وہ پرچار کیا کرتے تھے وہ دفن ہو چکی ، نو نومبر کا بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ اس کی واضح مثال ہے، ہم گوردوارہ تعمیر کر رہے تھے اور وہ مسجد مسمار کر رہے تھے، ہم تاریخ بنا رہے تھے اور وہ تاریخ کو دفن کر رہے تھے۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ تقابلی جائزہ ہے پاکستان قائد اعظم کی سوچ کی ڈگر پر چل پڑا ہے، ہندوستان گاندھی کی سوچ سے ہٹ کر آر ایس ایس کی ڈگر پر چل پڑا ہے۔
گذشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ آرایس ایس کا ہندوستان معرض وجود میں آرہا ہے، اب بھارت گاندھی اور نہرو کا بھارت نہیں رہا، ہم نے ہمیشہ بھارت سے بات چیت کے لیے ہاتھ بڑھایا لیکن مودی نے راہ فرار اختیار کی، بابری مسجد کے فیصلے کو نہیں مانتے۔