قدرت نے ماں کے دودھ میں وہ غذائیت رکھی ہے جو بچے کی ذہنی اور جسمانی نشوو نما کے لیے ضروری ہے ،چونکہ ماں کی غذا دودھ کی صورت میں بچے کی صحت پر اثر انداز ہوتی ہے،اس لیے بچے کو بھر پور غذائیت پہنچانے کے لیے ماں کو دن بھر میں کئی مرتبہ تھوڑی تھوڑی مقدار میں ایسی صحت بخش غذا کھانی چاہیے جس سے نہ صرف ماں کے دودھ میں اضافہ ہو سکے بلکہ ان کی صحت بھی بحال رہے

بچوں کی بہترین نشوونما ہر والدین کا بنیادی فرض ہے ماں بچے کی نشوونما کو کیسے بہتر بنا سکتی ہے


بچے کی پیدائش کے بعد سے لے کر دودھ پینے کی عمر تک ماں کو ڈائٹنگ نہیں کرنی چاہیے بلکہ کچھ ماہرین تو یہ کہتے ہیں کہ ان مائوں کو گھی اور ڈیری مصنوعات کا بلا جھجھک استعمال کرنا چاہیے۔نہیں کیلوریز بڑھنے کی فکر چھوڑ کر بہترین اور صحت مند غذا لینی چاہیے

اور ساتھ ساتھ ہلکی پھلکی ورزش کر لینے میں بھی کوئی حرج نہیں دودھ پلانے والی مائوں کوچاہیے کہ زیادہ دیر تک خالی پیٹ مت رہیں انہیں بغیر چھلکے والی سبزیاں اور پھل مثلاً پالک،گاجر،ٹماٹر ،سٹرابیری،انگور اور آڑو وغیرہ اچھی طرح دھو کر کھانی چاہیے

دودھ پلانے والی مائوں کے لیے کیفین مثلا چائے،کافی اور کولڈ ڈرنک کا زیادہ استعمال نقصان دہ ہو سکتا ہے اگر بچے کو کسی قسم کی الرجی یا انفیکشن ہو تو ماں کو مرچ مصالحے والی چیزیں کھانے،ٹھنڈ اپانی پینے، ٹھنڈے چاول اور چاکلیٹ وغیرہ کھانے سے احتیاط کرنی چاہیے کچے آم،دال،آلو اور کچے کیلے بچے کے پیٹ میں گیس پیدا کرتے ہیں اس لیے دودھ پلانے والی مائوں کوان غذاؤں کے استعمال سے بھی پرہیز کرنا چاہیے

ہرے پتے والی سبزیاں دودھ پلانے والی ماؤں کے لئے بے حد مفید ہیں اکثر دودھ پلانے والی مائیں خون کی کمی کا شکار ہو جاتی ہیں ان کے لیے ہرے پتے والی سبزیاں جن میں پالک،سرسوں،بتھوئے کے پتے اور میتھی،سویا وغیرہ شامل ہیں بہت فائدہ مند ہیں پالک میں ایسے اجزاء پائے جاتے ہیں جو بریسٹ کینسر سے بھی محفوظ رکھتے ہیں

دودھ پلانے والی مائوں کے لیے سفید چاول کی جگہ برائون چاول کا استعمال بہتر ہوتا ہے دودھ پلانے والی مائوں کے ہار مونز کو بیلنس کرنے،بھوک میں اضافہ کرنے اور فوری توانائی بحال کرنے میں برائون چاول مفید ہوتے ہیں

آج کل گاجر کا موسم ہے ایسے میں چھوٹے بچوں کی مائوں کو چاہیے کہ گاجر کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریںاس میں موجود وٹامن اے ماں کے دودھ کی خصوصیات میں اضافہ کرتا ہے ۔گاجر کو دودھ میں پکا کر سوپ یا جوس کی صورت میں لینا زیادہ بہتر ہے

بچے کی پیدائش کے بعد اکثر مائیں بے چینی،گھبراہٹ اور ذہنی تنائو کا شکار ہو جاتی ہیں ایسی خواتین کے لیے خشخاش کا استعمال مفید ہے دن میں ایک دفعہ تھوڑی مقدار میں خشخاش کھائی جا سکتی ہے اس کے علاوہ خشخاش کا استعمال دلیہ اور کھیر میں ڈال کر بھی کیا جا سکتا ہے

دودھ پلانے والی ماؤں کے لئے زیرہ بھی ایک مفید غذا ہے بہترین مناسب مقدار میں زیرے کا استعمال ماں کے دودھ میں اضافہ کرتا ہےیہ نہ صرف زائد چربی پگھلانے میں مدد کرتا ہے بلکہ قبض اور سینے کی جلن کو بھی دور کرتا ہے

سونف میں چھپے صحت کے راز جانئے


دودھ پلانے والی مائوں کے لیے سونف کا استعمال بھی ہر لحاظ سے بہتر ہے یہ نہ صرف ماں کے دودھ میں اضافہ کرتی ہے بلکہ بچے کے پیٹ کے درد کو بھی دور کرتی ہے سونف کو دودھ میں اُبال کر پیا جا سکتا ہے یا کھانے کے بعد چبایا جا سکتا ہے

دنیا بھر میں میتھی اور میتھی دانہ کو ماں کے دودھ میں اضافہ کرنے والی غذا مانا جاتا ہے میتھی میں وٹامن بی،آئرن،بیٹا کیرو ٹن اور اومیگا تھری پایا جاتا ہے میتھی کو میتھی دانہ کی چائے،میتھی دانہ کی کھچڑی،میتھی کا ساگ اور میتھی کے پراٹھے کی صورت میں استعمال کیا جا سکتا ہے

Shares: