خاتون کو ہراساں کرنے پر سی سی پی او لاہور نے تھانیدار پر مقدمہ درج کر کے حوالات میں بند کر دیا
سی سی پی او لاہور محمد عمر شیخ نے غفلت برتنے پر ایک اور تھانیدار کو گرفتار کروا دیا ہے۔
باغی ٹی وی کے ذرائع کے مطابق چوکی انچارج طارق شہید کمبوہ سب انسپکٹر ارشد کےخلاف تھانہ نواب ٹاؤن میں مقدمہ درج کر کے حوالات میں بند کروا دیا گیا ہے۔ سب انسپکٹر ارشد علی نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نجی ہوٹل میں ریڈ کیا تھا۔
سب انسپکٹر ارشد علی پر ہوٹل چیکنگ کے دوران طالبہ کو ہراساں کرنے کا بھی الزام تھا۔ واقعہ پر سی سی پی او لاہور نے نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کو حکم دیا تھا۔ ایس پی صدر نے چوکی انچارج طارق شہید کمبوہ سب انسپکٹر ارشد کو انکوائری میں قصور وار ٹھہرایا۔ انکوائری آفیسر کی رپورٹ کی روشنی میں سب انسپکٹر کےخلاف 155 سی کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ سی سی پی او لاہور کا کہنا ہے کہ کسی بھی اہلکار کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔ پولیس اپنے قانونی دائرہ میں رہ کر فرائض سرانجام دے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل پولیس کے سب انسپکٹر نے اہلکاروں سمیت ہوٹل چیکنگ کے دوران لڑکی کو ہراساں کیا تھا۔ جس کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی اور خاتون نے بھی اپنے ساتھ ہونے والے واقعے پر ویڈیو بیان جاری کیا تھا۔