غریب افراد کے لیے اچھا اور معیاری پھل صرف 10 روپے کلو
مہنگائی کے اس دور میں جب سیب 200 روپے کلو ،خربوزہ 60 روپے کلو اور کیلے 150 روپے درجن مل رہے ہوں تو وہاں 10 روپے کلو پھل کی بات ہی مذاق تصور ہوتی ہے۔ تاہم آج بھی کچھ ایسے سخی اور انسانیت کا درد رکھنے والے لوگ موجود ہیں جو عام آدمی کی پہنچ سے دور پھلوں کو ان کی پہنچ تک لانے کے لیے کوشاں ہیں۔ سوشل میڈیا پر یوٹیوبر اور پاکستانی ارطغرل غازی مصطفیٰ حنیف کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ بتا رہے ہیں کہ انھوں نے کراچی میں جیل چورنگی کے پل کے نزدیک ایک گزرگاہ پر اسٹال لگایا ہے جہاں غریب افراد کے لیے اچھا اور معیاری پھل صرف 10 روپے کلو میں فروخت کیا جارہا ہے ۔مصطفیٰ حنیف نے ایک پھل پیکج بھی بنایا ہے جس میں کیلا، سیب اور خربوزہ شامل ہے اور اس پیکج کا وزن دو کلو جب کہ قیمت 20 روپے مقرر کی گئی ہے۔ مصطفیٰ حنیف کے مطابق وہ روزانہ شام 5 بجے اپنا فروٹ اسٹال لگاتے ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ روزانہ کم ازکم 100خاندانوں کو 10 روپے کلو پھل فروخت کیا جا سکے۔کراچی کے ان نوجوانوں کی اس کوشش کو عوام کی جانب سے زبردست پزیرائی مل رہی ہے۔