لاہور :ترک خاتون محبت میں گرفتارہوکرلاہوپہنچی تومحبوب نے دھوکہ دے دیا ،اطلاعات کے مطابق سوشل میڈیا پرایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہونےوالے کئی جوڑے واقعی ایک دوسرے کے ساتھی بن گئے،مگرایسے بھی واقعات سامنے آئے ہیںکہ بعض اوقات محبوب توبعض اوقات محبوبہ دھوکہ دیکراس محبت کا قلع قمع کردیتے ہیں ایسے ہی جیسے تُرک خاتون کے ساتھ پیش آیا جو لاہور کے رہائشی ایک لڑکے کی محبت میں گرفتار ہو کر پاکستان تو پہنچ گئی لیکن اُس کا محبوب ہی اُسے دھوکہ دے گیا اور بغیر کوئی مدد کیے اُس سے رابطہ بھی منقطع کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق غیر ملکی خاتون کو لاری اڈہ میں بے آسرا دیکھ کر مقامی افراد نے پولیس کو اطلاع دی۔ جب پولیس موقع پر پہنچی تو معلوم ہوا کہ خاتون کو نہ تو انگریزی زبان آتی ہے اور نہ ہی خاتون اُردو زبان سے واقف ہے۔
پولیس نے اشاروں کی زبان میں بات کرنے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ وہ خاتون تُرکی سے تعلق رکھتی ہے، جس کے بعد پولیس نے خاتون کو ترک قونصلیٹ کے حوالے کر دیا۔ ایس ایچ او جمیل احمد کے مطابق تُرک قونصلیٹ نے بتایا کہ ترک خاتون کو سوشل میڈیا پر ملنے والے ایک نوجوان نے شادی کے لیے پاکستان بلایا تھا ۔
خاتون سے فیس ٹو فیس ملاقات میں لڑکے نے بڑی عمر کا بہانہ بنا کر شادی سے انکار کر دیا اور اس کو لاری اڈہ چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ پولیس حکام کے مطابق خاتون چھوڑ کر بھاگنے والے شخص پر کسی قسم کی کوئی کاوروائی نہیں کروانا چاہتی تھی اسی لیے مذکورہ شخص کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کی جا سکی۔








