کراچی :ادویات کی قیمتوں میں اضافہ اگرانسان دشمنی نہیں تو اور کیا ہے؟پی ایس پی ڈاکٹرفورم نے حکومت سے خوف خدا کی اپیل کردی ،اطلاعات کے مطابق پی ایس پی کے ڈاکٹر فورم کے صدر ڈاکٹر محمد نعیم و اراکینِ ڈاکٹرز فورم نے حکومت کی جانب سے ادویات کی قیمتوں میں تواتر کیساتھ ہوشربا اضافے اور پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی متعصبانہ اور کراچی دشمن پالیسیوں کو جاری رکھتے ہوئے کراچی میٹروپالیٹن کارپوریشن کے بڑے ہسپتالوں کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز، سوبھراج ہسپتال، سرفراز رفیقی ہسپتال اور لیپروسی جنرل ہاسپٹل کو تعصب اور سازش کے تحت کے ایم سی سے نکال کر سندھ گورنمنٹ کی تحویل میں لینے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کی پالیسی کو غربت کے خاتمے کے لیے نہیں بلکہ غریب کا خاتم قرار دیا ہے ۔
پاکستان ہاؤس سے جاری مشترکہ بیان میں پی ایس پی کے ڈاکٹر فورم کے صدر ڈاکٹر محمد نعیم،نائب صدر ڈاکٹر صفوان ملک میڈیکل ایڈ کمیٹی کے سینئر نائب صدر عمران علی زیدی نائب صدر فرید الدین نائب صدر واصف حنیف اور اراکین مرکزی کمیٹی نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں جب غریبوں کے لئے دو وقت کی روٹی کھانا ہی مشکل ہے ایسے میں دواؤں کی قیمتوں میں اضافہ غریب مریضوں کی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے، سرکاری اسپتالوں میں ویسے ہی مریضوں کو علاج و معالجے کی مناسب سہولیتں اور ادویات میسر نہیں ہیں جس کی وجہ سے غریب عوام اپنی اور اپنے پیاروں کی جان بچانے کے لئے مہنگی دوائیں بازار سے خریدنے پر مجبور ہیں ۔ جبکہ حکومت نے اب تک عوام کو سرکاری اسپتالوں میں علاج معالجے کی بہتر سہولتیں مہیا کرنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے جہاں طبی سہولیات کا شدید فقدان ہے ۔ موجودہ حکومت عوامی توقعات پر پورا اترنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے، غریب کے منہ سے نوالہ بھی چھین لیا گیا ہے اور اب کوئی کثر باقی نہ رکھتے ہوئے جان بچانے کی ادویات بھی۔
انہوں نے کہا کہ تمام قرضوں کا بوجھ صرف عوام پر ڈالا جا رہا ہے جس کا اثر روز مرہ کی ضرورت کی اشیاء سمیت ادویات پر بھی مہنگائی کی صورت میں ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت اپنی متعصبانہ اور کراچی دشمن پالیسیوں کو جاری رکھتے ہوئے کراچی میٹروپالیٹن کارپوریشن کے بڑے ہسپتالوں پر قابض ہو کر سرکاری بھرتیاں کرنا چاہتی ہیں، پیپلزپارٹی کی نااہل، کرپٹ اور متعصب حکومت بات تو جمہور کی کرتی ہے مگر اس کے تمام اقدامات جمہور اور جمہوریت سے متصادم اور مفاد پرستی پر مبنی ہوتے ہیں
صدر پی ایس پی ڈاکٹرز فورم اور میڈیکل ایڈ کمیٹی ڈاکٹر محمد نعیم نےکہا کہ پی ایس پی ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے ساتھ ہے ہر فورم پر آپکے حقوق کے لیے آواز بلند کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پی ایس پی شہری علاقوں کے ساتھ ہونے والی تمام زیادتی کا جائزہ لے رہی ہے اور بہت جلد آپ کے ساتھ ملکر ایک احتجاجی لائحہ عمل طے کرے گی