سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کاعید الاضحی کے لیے ٹریفک پلان جاری
باغی ٹی وی : سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کاعید الاضحی کے لیے منظم اور جامع ٹریفک پلان جاری کردیا ، سیاحتی مقام کوہ مری سمیت ، پارکوں اور دیگر اہم مقامات پر شہریوں کی سہولت کے لیے اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے .
چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی رائے مظہر اقبال کے مطابق ضلع راولپنڈی میں ٹریفک پولیس کے 1100سے زائد ٹریفک اہلکار خصوصی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے. عوام الناس کی سہولت کے لیے ٹریفک پولیس کے تمام اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
ٹریفک اہلکارشاہراہوں پراپنے فرائض سر انجام دیں گے تا کہ شہری اپنے پیاروں کے ساتھ عید گزار سکیں۔ سیاحتی مقام ملکہ کوہسار مری میں سیاحوں کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
سیاحتی مقام کوہ مری میں سیاحوں کی سہولت کے لیے341ٹریفک اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔مری میں صرف 3500گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کے مطا بق عید تعطیلات کے دوران ہزاروں کی تعدار میں سیاح مری کا رخ کرتے ہیں۔ شہریوں کی سہولت کے لیے ٹریفک اہلکار دن رات بھرپور محنت کر رہے ہیں۔
ون ویلنگ اور کار سکٹنگ کی روک تھام کے لیے 7سپیشل سکواڈبنائے گئے ہیں۔ نماز عید کی ادائیگی کے مقامات پر ٹریفک پولیس کی نفری موجود ہو گی۔
سی ٹی او نے کہا ہے کہ سکیورٹی کے پیش نظر کالے شیشے،بغیر رجسٹریشن اور بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوںکے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔
ٹریفک پولیس کے یہ افسران و جوان اپنے گھروں سے دورہیں تا کہ آپ اپنی عید اپنے پیاروں کے ساتھ منا سکیں۔تمام ٹریفک اہلکار دوران ڈیوٹی دیگر اداروں کے ساتھ ملکر ٹیم ورک اور مکمل کوآرڈینشن کے ساتھ فرآئض کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔