کراچی :نیشنل اسٹیڈیم ،کراچی کا 10فیصد عملہ کورونا وائرس کا شکار ہوگیا ہے۔ ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ملازمین کے ٹیسٹ 2 روز قبل لیے گئے تھے۔ پی سی بی کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کورونا مثبت آنے والے عملے کو آئسولیٹ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اور گراؤنڈ کے کام جاری رہیں گے۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل کے سربراہ عثمان و اہلیہ اور سینئر افسر عون زیدی کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد دونوں 10 روزہ آئسولیشن میں ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 5 غیر ملکی پاکستان آنے سے قبل کورونا کا شکار تھے اب کپتان سرفراز احمد کی والدہ اور اہلیہ بھی کورونا سے متاثر ہیں۔
ادھر ملک میں کورونا کے پھیلاؤ نے پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی، چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح گیارہ اعشاریہ پانچ پانچ فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 29 ہزار 42 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 45 ہزار 801 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 ہزار 808 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 56 ہزار 992، سندھ میں 5 لاکھ 13 ہزار 46، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 82 ہزار 950، بلوچستان میں 33 ہزار 780، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 461، اسلام آباد میں ایک لاکھ 13 ہزار 688 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 ہزار 884 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 43 لاکھ 56 ہزار 373 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 58 ہزار 943 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 12 لاکھ 65 ہزار 665 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 918 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 5 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 29 ہزار 42 ہوگئی۔ پنجاب میں 13 ہزار 93، سندھ میں 7 ہزار 710، خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 967، اسلام آباد میں 969، بلوچستان میں 367، گلگت بلتستان میں 187 اور آزاد کشمیر میں 749 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔