کراچی:کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے سبب کئی علاقے گھنٹوں بجلی سے محروم ہوگئے، 12 گھنٹوں سے زائد طویل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کام کاج پر جانے والے شہری اور گھریلو خواتین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

کراچی کو بجلی کی فراہمی کے الیکٹرک کیلئے چیلنج بن گئی۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بارہ گھنٹوں سے تجاوز کر گیا۔ صبح دفاتر، سکول اور کام کاج پر جانے والےشہری بجلی کی بار بار بندش سے تنگ آگئے۔

کے الیکٹرک کی جانب سے حالیہ گرمی کی لہر میں بھی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ شہری کہتے ہیں کے الیکٹرک کی جانب سے ہزاروں روپے کےبلز تو بھیج دیے جاتے ہیں مگر بجلی فراہم نہیں کی جا رہی۔

کے الیکٹرک ترجمان کے مطابق کراچی میں 400 میگاواٹ کا شارٹ فال ہے۔ طلب 3500 اور رسد 3100 میگاواٹ ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے بجلی کی فراہمی بلوں کی ادائیگی سے مشروط ہے۔

ادھرملک کے بیشترعلاقوں میں آج بھی موسم شدید گرم رہے گا، میدانی علاقے ہیٹ ویو کے زیر اثر رہیں گے، رات کو خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے۔

موسم کا حال بتانے والوں نے ملک میں ہیٹ ویو کا سلسلہ آج بھی جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے، لاہور میں درجہ حرارت 46 اور فیصل آباد میں سینتالیس، بہاولپور، ڈی جی خان ،سرگودھا ،ساہیوال میں پارہ اڑتالیس تک جانے کی پیشگوئی ہے۔

سندھ میں گرمی حدوں کو چھو رہی ہے، موہنجو داڑو، دادو اور نوابشاہ میں درجہ حرارت پچاس سے بھی اوپر جانے کا امکان ہے، بلوچستان کے علاقے سبی میں بھی پارہ پچاس تک جانے کی توقع ہے۔

Shares: