اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری دو روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے۔ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کی خصوصی دعوت پر دو روزہ سرکاری کی غرض سے چین پہنچ گئے۔ وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام ان کے ہمراہ موجود ہیں۔
اس حوالے سے دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دورے کے دوران وزیر خارجہ اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ وسیع مشاورت کریں گے، دونوں وزرائے خارجہ پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون پر خصوصی توجہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے۔
اس سے پہلے بلاول بھٹو زرداری نے اپنے دورے کے حوالے سے ٹویٹ کی تھی جس میں وہ کہتے ہیں کہ
congratulations people of #China & #Pakistan on 71st anniversary of establishment of diplomatic relations.
Today I will be departing on my 1st bilateral visit as FM. I am proud it will be to China. 🇵🇰🤝🇨🇳 all weather friendship has strengthened from generation to generation. pic.twitter.com/BTB9N3Iz8T
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) May 21, 2022
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان چین پاکستان اقتصادی راہداری پر پیش رفت، بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو فلیگ شپ پروجیکٹ پر بھی بات چیت ہوگی، دونوں فریقین اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر وسیع پیمانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا دورہ، پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 71 ویں سالگرہ کی مناسبت سے ہے، اسٹیٹ کونسلر وانگ ژی نے بلاول بھٹو زرداری کو وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد کا خط لکھا تھا، دونوں وزرائے خارجہ نے قبل ازیں 11 مئی 2022ء کو ورچوئل میٹنگ کی تھی۔








