عمران خان جتنا مرضی لانگ مارچ کرلیں حکومت کہیں نہیں جارہی:مریم نواز

0
47

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عوام نے عمران خان کے لانگ مارچ کو “ایبسولیوٹلی ناٹ ” کہہ کر مسترد کردیا اور وہ جتنا لانگ مارچ بھی کرلیں حکومت کہیں نہیں جارہی۔

مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ میں جلسے میں نہیں بلکہ اپنی گھر آئی ہوں، وزیراعظم شہباز شریف کو اپنے گھر میں خوش آمدید کہتے ہیں، مانسہرہ نواز شریف کا تھا اور نواز شریف کا رہے گا، جب کہ شہباز شریف پنجاب کی طرح ملک کی تقدیر بدلیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو سلام ہے کہ جنہوں نے فتنے اور انتشار کو ایبسولوٹلی ناٹ کہہ کر ناکام بنا دیا، انقلاب اس لیے ناکام ہوا کہ وہ ہیلی کاپٹر سے نہیں آتا ، یوٹرن لے کر بنی گالا نہیں پہنچتا، عمران خان نے نااہلی سے پاکستان کے سینے پر زخم لگائے ، اس کا سارا بیانیہ دو نمبر ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خیبرپختونخواکے عوام کی خون پسینے کی کمائی پانی کی طرح بہائی، عمران خان جس ہیلی کاپٹر میں بیٹھ کر آیا وہ کے پی حکومت کا تھا، سرکاری وسائل ناکام انتشار میں جھونکے گئے، عمران خان کا مقصد فتنہ اور انتشار تھا۔

انہوں نے کہا کہ دھرنے میں استعمال گاڑیاں کے پی اور گلگت بلتستان حکومت کی نمبر پلیٹ والی تھیں، وہ کرین جنہیں لے کرچڑھائی کے لیے آیا وہ کے پی کےعوام کے ٹیکس کی تھیں جب کہ عمران خان نے لوگوں کو دھرنےکا بتایا لیکن صبح فرار ہوگیا، قوم کے بچے سڑکوں پر مرنے کے لیے اور اس کے بچے لندن کی ٹھنڈی ہوا میں بیٹھے تھے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کا لانگ مارچ ناکام ہوا تو اس نے نواز شریف کے پاس اپنے بندے بھیجے کہ الیکشن کا اعلان کرو لیکن نواز شریف نے واضح کردیا کہ جتنے بندے لانے ہیں دوبارہ لے آؤ کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے اور عمران خان جتنا لانگ مارچ کرلیں حکومت کہیں نہیں جارہی، عوام وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں۔

Leave a reply