کراچی: حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کیخلاف جماعت اسلامی کے زہر اہتمام کراچی کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔جماعت اسلامی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف شہر کے مختلف علاقوں میں احتجاج مظاہرے کیے ہیں۔ احتجاجی مظاہرے برنس روڈ، واٹرپمپ چورنگی، ناظم آباد، نارتھ کراچی، حسن اسکوائر، کورنگی ڈھائی نمبر، ملیر، بنارس اور مومن آباد مارکیٹ میں کیے گئے۔
مظاہرین نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں طالمانہ اضافہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت میں آنے سے قبل مہنگائی کو کم کرنے کے جو وعدے اور دعوے کیے گئے تھے انہیں پورا کیا جائے۔مظاہروں میں شرکاء نے مختلف بینرز اور پلے کارڈز اُٹھائے رکھے تھے، جن پر ”آئی ایم ایف کی غلامی نا منظور نامنظور، گیس، بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے۔
مظاہروں سے جماعت اسلامی کے امراء اضلاع سید عبدالرشید، مولانا فضل احد، مولانا مدثر حسین انصاری، سید وجیہ حسن ،محمد یوسف، توفیق الدین صدیقی، ڈاکٹر فواد اور دیگر نے خطاب کیا۔
یاد رہےکہ پاکستان میں حکومت نے ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔جمعرات کو مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے نیوز بریفنگ میں بتایا کہ ’پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 30، 30 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔‘’اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 209 روپے 86 پیسے ہوگئی ہے۔ پیٹرول پر اب بھی 8 روپے کی سبسڈی دے رہے ہیں۔‘