ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے چٹاگانگ میں کل رات ایک شپنگ کنٹینر ڈپو میں آگ لگنے سے کم از کم 41 افراد ہلاک ہو گئے۔ سیتا کنڈا علاقے میں ڈپو میں آگ لگنے سے تقریباً 450 افراد زخمی ہوئے ہیں اور حکام کو خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ ریاست کے زیر انتظام چٹاگانگ میڈیکل کالج ہسپتال میں تعینات ایک پولیس افسر نے کہا، "اب تک 41لاشیں مردہ خانے میں پہنچی ہیں۔”
چٹاگانگ میڈیکل کالج ہسپتال کی پولیس چوکی میں تعینات پولیس افسر نورالعلم کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ آگ کیمیکل ری ایکشن سے لگی۔ مقامی میڈیا نے بتایا کہ آگ دھماکے کے بعد پھیل گئی۔
پولیس افسر نے بتایا کہ آگ رات 9 بجے کے قریب لگی اور دھماکہ آدھی رات کے قریب ہوا۔ دھماکے کے بعد آگ تیزی سے پھیل گئی۔ ریڈ کریسنٹ یوتھ چٹاگانگ میں ہیلتھ اینڈ سروس ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ استقول اسلام نے کہا، "اس واقعے میں 450 سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ مرنے والوں کی تعداد زیادہ ہو سکتی ہے-
ذرائع کے مطابق دھماکا اس قدر تھا کہ قریبی گھروں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ چٹاگانگ فائر سروس اور سول ڈیفنس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد فاروق حسین سکدار نے کہا: "تقریباً 19 فائر فائٹنگ یونٹ آگ پر قابو پانے کے لیے کام کر رہے ہیں اور چھ ایمبولینسیں بھی موقع پر موجود ہیں۔








