”دی گلوبل انسٹی ٹیوٹ بل 2022“ متفقہ طور پر منظور

0
43

سینیٹ کی کمیٹی برائے فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ نے پیر کو سینیٹر شہادت اعوان کی جانب سے پیش کردہ ”دی گلوبل انسٹی ٹیوٹ بل 2022“ کو متفقہ طور پر منظور کر لیا۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ بل پر گزشتہ برسوں کے دوران تندہی سے کام کیا گیا ہے اور اسے تعلیمی شعبے کے مفاد میں متفقہ طور پر منظور کیا گیا ہے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ کا اجلاس پیر کو سینیٹر عرفان صدیقی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ کمیٹی نے”دی پاکستان گلوبل انسٹی ٹیوٹ بل 2022“کے عنوان سے بل پر غور کیا جو سینیٹ میں وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین کی جانب سے سینیٹر شہادت اعوان نے پیش کیا تھا۔ اراکین کمیٹی نے یونیورسٹی کے لیے مختص سائٹ کا دورہ کرنے اور اس کے فریم ورک اور پیشرفت کا جائزہ لینے کا بھی فیصلہ کیا۔

چیئرمین ایچ ای سی نے کہا کہ یہ نجی شعبے میں ڈگری ایوارڈنگ انسٹی ٹیوٹ (DAI) ہوگا۔ مجوزہ ڈی اے آئی کی سپانسرنگ باڈی ٹی ایچ ایم سی ایجوکیشن سسٹم (پرائیویٹ) لمیٹڈ ہے جو کمپنیز آرڈیننس 1984 کے سیکشن 32 کے تحت رجسٹرڈ ہے جس کا کارپوریٹ یونیورسل شناخت نمبر 009133 مورخہ 01 جنوری 2015 ہے۔ پاکستان کے تعلیمی شعبے میں جنوبی کوریا سے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کا مقصد پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانا، پاکستان میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا اور پاکستانی نوجوانوں کو تحقیق کے مواقع فراہم کرنا،مینجمنٹ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں ترقی لانا ہے۔ ایچ ای سی حکام نے بتایا کہ ادارہ ابتدائی طور پر فیکلٹی آف بزنس مینجمنٹ اور فیکلٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی میں تعلیمی آپریشن شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے اس بات پر زور دیا کہ چیئرمین ایچ ای سی اپنے اختیارات نیک جذبے کے ساتھ استعمال کرتے ہیں اور تعلیمی شعبے کو بااختیار بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ چیئرمین کمیٹی نے انسٹی ٹیوٹ کے مالیاتی ماڈل کا جائزہ لینے کے لیے ایچ ای سی کے مالیات اور فنڈز کے حوالے سے ایک خصوصی اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔ چیئرمین کمیٹی کا موقف تھا کہ بنیادی طور پر محکمہ کے فنڈز اور مالیات کو معیاری تعلیم کی فراہمی میں استعمال کیا جانا چاہیے۔ چیئرمین کمیٹی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن میں خرابیوں کی نشاندہی اور ان کے حل کے لیے ورک پلان بنانے کی سفارش کی۔ چیئرمین کمیٹی نے مستقبل کے ورک پلان کے بارے میں جامع رپورٹ طلب کر لی۔

کمیٹی نے ایچ ای سی کا دورہ کرنے اور آن گراؤنڈ بریفنگ لینے کا فیصلہ کیا۔ چیئرمین کمیٹی نے متعلقہ وزیر کے ساتھ ساتھ سیکرٹری وزارت تعلیم کی عدم موجودگی پر افسوس کا اظہار کیا اور چیئرمین کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔قائمہ کمیٹی نے سینیٹر نزہت صادق کی فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (ایف بی آئی ایس ای) اسلام آباد کی رکن کے طور پر دوبارہ نامزدگی کی بھی متفقہ طور پر توثیق کی۔ چیئرمین سینیٹ نے معاملہ توثیق کے لیے کمیٹی کو بھجوایا تھا جس کی کمیٹی نے متفقہ طور پر توثیق کردی۔بی پی ایس پروموشن سٹیٹس سے متعلق معاملہ اور ایچ ای سی کی طرف سے اس کی قرارداد کے بارے میں، چیئرمین ایچ ای سی نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ کمیشن کی اکیڈمک کمیٹی نے ایک ذیلی کمیٹی (وائس چانسلرز، وزارت خزانہ کے نمائندے، وزارت تعلیم کے نمائندوں پر مشتمل) تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جو موجودہ پالیسی مسودے کا جائزہ لے گی۔ ذیلی کمیٹی کی حتمی سفارشات کمیشن کی اکیڈمک کمیٹی کے سامنے اور اس کے بعد کمیشن کو غور کے لیے پیش کی جائیں گی۔ معاملہ آئندہ مزید بحث اور غور کے لیے موخر کر دیا گیا۔

قبائلی ضلع شمالی وزیرستان سے خواتین اساتذہ کے ایبٹ آباد تبادلے کے حوالے سے دین کلام خان وزیر کی جانب سے پیش کردہ پبلک پٹیشن نمبر 4748 کے معاملے پر چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ اس معاملے کو جلد از جلد دیکھا جائے اور وفاقی وزیر کی ہدایت کے مطابق حل کیا جائے۔ ایڈیشنل سیکرٹری وزارت نے کمیٹی کو یقین دلایا کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں گے اور صوبائی وزیر تعلیم کے ساتھ مل کر مسئلہ حل کریں گے۔ قبل ازیں کمیٹی نے سینیٹر سکندر میندرو (مرحوم) کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

شہباز گل کی گرفتاری، پی ٹی آئی کے ڈنڈا بردار کارکن بنی گالہ پہنچ گئے

شہباز گل کی گرفتاری پی ٹی آئی نے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا

نعرے ریاست مدینہ کےاورغلامی امریکہ کی واہ شہبازگل باجوہ

شہباز گل پر ایسا تشدد ہوا جو بتایا جا سکتا اور نہ دکھایا جا سکتا ہے، بابر اعوان

Leave a reply