ادبی تنظیم خوشبو کے زیر اہتمام تڑپتی شہ رگ اور قلمکاران کے عنوان سے تقریب کا انعقاد،لیاقت بلوچ سمیت ودیگر قلمکاران کی شرکت

0
47

راولپنڈی :جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ کشمیر کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل خانے میں تبدیل کردیا ہے۔ بھارتی ظلم و جبر کے حوالے سے اقوام متحدہ ٗ عالمی طاقتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔مسئلہ کی سنگینی کے پیش نظرجوکردار انہیں ادا کرنا چاہیے تھا۔ وہ کہیں نظر نہیں آتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سید مودودی ؒ بلڈنگ میں ادبی تنظیم خوشبو کے زیر اہتمام اہل قلم کانفرنس بعنوان تڑپتی شہ رگ اور قلمکار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کی صدارت ادبی تنظیم خوشبو کے صدر ملک محمداعظم نے کی۔جبکہ اس موقع پر سینئر صحافی حاجی محمد نواز رضا ٗ شاعر ٗ ادیب اور مصنف جبار مرزا ٗ کالم نگار راج بیگ ٗنامور شاعر ٗکالم نگار اور مصنف احمد حاطب صدیقی ٗممتاز ادیب افتخار کھوکر ٗسینئر کالم نگارعابد ملک ٗ معروف لکھاری ریاض عادل ٗشاعر ٗکالم نگار اور مصنف پروفیسر جمیل منہاس ٗصدر تحریک نفاذ اردو عطا الرحمان چوہان ٗسینئر صحافی اور کالم نگار میاں منیر احمد ٗکالم نگار میرافسر خان ٗشاعر الطاف رسول ٗیوتھ اسمبلی پاکستان کے حماد ملک ٗامیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی ٗ جنرل سیکرٹری سید عزیر حامد ٗادبی تنظیم خوشبو کے سیکرٹری حافظ سجاد قمر ٗڈپٹی سیکرٹری مبشر وڑائچ ٗظیبہ فاؤنڈیشن کے خالد عمران خالد ٗنائب صدر جے آئی یوتھ آزاد جموں وکشمیر حافظ خضر حیات چوہدری اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔لیاقت بلوچ نے ادبی تنظیم خوشبو کے منتظمین کو اہل قلم کانفرنس پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خوشبو کے عہدیداران نے وقت کی آواز کو پہچانا اور مظلوم کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے اہل قلم کو اکٹھا کیا۔ایک زمانے میں علامہ اقبال کو بھی کشمیر کمیٹی کا سربراہ بنایا گیاتھا۔انہوں نے کشمیر کے ساتھ محبت کا حق ادا کیااور اس حوالے سے بہت کچھ لکھا ہے۔آج کے اہل قلم کو علامہ اقبال سے رہنمائی لینی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کرفیو کی آڑ میں بھارتی فوجی اور آر ایس ایس کے غنڈے خواتین اور نوجوانوں کو نشانہ بنائے ہوئے ہیں۔مقبوضہ کشمیر کو نئی کربلا بنا دیا گیا ہے۔کشمیری مدد کے لئے دُعائیں کر رہے ہیں۔اگر بے بس اور مظلوم کشمیریوں کی فوری مدد نہ کی گئی تو کسی بھی وقت کوئی انسانی المیہ اور سانحہ ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری افواج ٗ رینجرز اور پولیس نے وطن کی حفاظت اور دہشت گردی کے خاتمے کے سلسلے میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ ہمیں سیکورٹی فورسز کی قربانیوں اور خدمات پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے کشمیر ایشو کے حوالے سے پارلیمانی محاذ پر انتہائی نالائقی کا ثبوت دیا ہے۔حکومت کو 5اگست کے بعد فوری طور پر قومی کانفرنس بلانی چاہیے تھی اور پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر قومی نمائندوں کی مشاورت کے ساتھ نیشنل ایکشن پلان ترتیب دینا چاہیے تھا۔ مسئلہ کشمیر پر حکومت اور اپوزیشن کو ہم آواز ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وزرا ء ہر وقت اپوزیشن کے لوگوں کو گرفتار کرانے اور ان کے خلاف مقدمات قائم کرنے کی دھمکیاں دیتے اور اعلانات کرتے رہتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان پارلیمنٹ میں آتے ہیں توروٹھی ہوئی عورت کی طرح کسی سے ہاتھ ملاتے ہیں نہ کسی اپوزیشن کے ممبر سے ملنا گوارا کرتے ہیں۔مظفر آبادکے جلسے میں اپوزیشن کاکوئی لیڈربھی ان کے ساتھ نہیں تھا۔لیاقت بلوچ نے تجویز پیش کی کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیو ں کے ذریعے سے پاکستان کی سفارتکاری کو بہترین طریقے سے چلایا جا سکتا ہے۔

Leave a reply