ملتان۔(اے پی پی)والدین کے لئے حقوق العباد میں سے اہم حق اولاد کا ہے،والدین کوچاہیے کہ اپنی اولاد کی تربیت اس طرح سے کریں کہ وہ اچھے شہری اور سچے مسلمان بن سکیں۔ ان خیالات کااظہار مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین نے ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔جماعت اسلامی شعبہ خواتین ملتان کی رہنماء ارم نے کہا کہ اولاد والدین کی زندگی کا بڑا قیمتی سرمایہ ہیں جہاں اللہ تعالی نے والدین کی خدمت کافرض عائد فرمایا ہے وہیں اولاد کے کچھ حقوق بھی والدین کے ذمے لگائے ہیں تاکہ فطری تقاضے قائم رہیں اور کسی کی حق تلفی بھی نہ ہو۔ سماجی رہنماء صائمہ فیض نے کہاکہ انسان کے ابتدائی مراحل سے لے کر بڑھاپے تک انسان تربیت کے مختلف مراحل سے گزرتا ہے۔ بچہ جب ایک گھرانے میں آنکھ کھولتا ہے تو وہ سب کچھ سیکھ کرنہیں آتا بلکہ وہ اپنے گھر کے ماحول اور معاشرے سے سیکھتا ہے اور یہی ابتدائی مراحل اس کی زندگی کی بنیاد ہوتے ہیں۔ماہر نفسیات نوشابہ چوہدری نے کہا کہ مذہب ہو، ادب وثقافت ہو، یا رسم ورواج، ماں کو ہمیشہ سے خاندانی نظام میں اہمیت حاصل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جنت ماں کے قدموں تلے ہے۔ بچہ جو کچھ اپنی ماں سے سیکھتا ہے وہ تمام عمر کے لیے اس کے دماغ اورتربیت میں نقش ہوجاتا ہے۔۔ یہی وجہ ہے کہ بچے کی زندگی کے پہلے پانچ سال اس کی اسی سالہ زندگی کی بنیاد بناتے ہیں اس لیے سب سے اولین فرض ماں کابنتا ہے کہ وہ بچے کی اچھی تربیت کرے۔

والدین بچوں میں اطاعت الہی کا جذبہ پیدا کرنے کے لئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، خواتین
Shares:







