اتوار، 15 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

امریکا میں فضائی بحران برقرار، 6 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ، ہزاروں تاخیر کا شکار

مصنف:

امریکا میں فضائی سفر کا بحران ہفتے کے روز بھی برقرار رہا، فضائی حدود کھلنے اور پروازوں کی روانگی بحال ہونے کے باوجود ایئرلائنز اپنا معمول کا شیڈول بحال کرنے میں ناکام رہیں، جس کے باعث ڈیلاس، ہیوسٹن، شکاگو، اٹلانٹا اور نیویارک سمیت بڑے ہوائی اڈوں پر ہزاروں مسافر پھنسے رہے۔


فلائٹ اویئر کے اعداد و شمار کے مطابق امریکا آنے اور وہاں سے روانہ ہونے والی 6 ہزار 228 پروازیں منسوخ جبکہ 7 ہزار 542 تاخیر کا شکار ہوئیں۔ یہ تعداد امریکی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی کے سربراہ برائن بیڈفورڈ کی پیش گوئی سے بھی زیادہ ہے، جنہوں نے ہفتے کے روز شیڈول 41 ہزار پروازوں میں سے 4 سے 5 ہزار کی منسوخی کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔


دنیا بھر میں بھی فضائی آپریشن شدید متاثر رہا، جہاں مجموعی طور پر 6 ہزار 843 پروازیں منسوخ اور 19 ہزار 927 تاخیر کا شکار ہوئیں، جن میں بڑی تعداد امریکی فضائی آپریشن سے منسلک پروازوں کی تھی۔


بڑی امریکی فضائی کمپنیوں میں جیٹ بلیو سب سے زیادہ متاثر ہوئی، جس کی تقریباً 45 فیصد پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ امریکن ایئرلائنز، یونائیٹڈ ایئرلائنز اور ڈیلٹا ایئرلائنز نے اپنے شیڈول کی تقریباً ایک چوتھائی پروازیں منسوخ کر دیں۔ متاثرہ مسافروں کو اضافی فیس کے بغیر دوسری تاریخوں پر سفر کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔


شکاگو کا اوہیئر ایئرپورٹ سب سے زیادہ متاثر رہا، جہاں دوپہر 2 بجے تک 559 سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی تھیں، جبکہ شکاگو مڈوے ایئرپورٹ پر 68 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ اٹلانٹا کے ہارٹس فیلڈ جیکسن ایئرپورٹ پر بھی دوپہر ساڑھے 12 بجے تک 479 پروازیں منسوخ کی جا چکی تھیں۔


ٹیکساس کے ڈیلاس فورٹ ورتھ ایئرپورٹ پر صبح 9 بجے تک تقریباً 300 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ ہیوسٹن کے جارج بش انٹرکانٹی نینٹل ایئرپورٹ پر 310 سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں۔ متعدد مسافروں کو رات بھی ہوائی اڈوں پر گزارنا پڑی۔


امریکی محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق فضائی حدود کھلی ہیں اور پروازوں کی روانگی محفوظ طریقے سے جاری ہے، تاہم مسافروں کو مزید تاخیر اور منسوخیوں کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایئرلائنز کو طیاروں اور عملے کو دوبارہ مختلف ہوائی اڈوں پر پہنچانے اور متاثرہ مسافروں کی نئی بکنگ میں مشکلات کا سامنا ہے۔ حکام کو امید ہے کہ اتوار کی رات تک فضائی کمپنیوں کا مکمل شیڈول بحال ہو جائے گا۔


دوسری جانب فضائی آپریشن کے بحران پر امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی کے استعفے کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔ گورنر نیویارک نے مطالبہ کیا ہے کہ شان ڈفی خود مستعفی ہو جائیں، بصورت دیگر صدر ڈونلڈ ٹرمپ انہیں عہدے سے برطرف کر دیں۔


شان ڈفی نے اعتراف کیا تھا کہ پروازوں کی غیر معمولی معطلی کی بڑی وجہ پرانا ایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم اور فرسودہ ٹیکنالوجی تھی۔ مسئلہ اس وقت پیدا ہوا جب ایک کنٹریکٹر فائبر آپٹک کیبل میں موجود کاپر وائر کو اپ گریڈ کر رہا تھا۔


واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی فضائی نظام میں خرابی کے باعث تقریباً 13 ہزار پروازیں متاثر ہوئی تھیں اور ملک بھر میں گراؤنڈ اسٹاپ نافذ کرنا پڑا تھا، جس سے لاکھوں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ گراؤنڈ اسٹاپ ختم ہونے کے باوجود فضائی نظام مکمل طور پر معمول پر نہیں آ سکا۔