فیصل آباد :تین سو بیڈ کا حامل جدید ہسپتال وزیراعظم کی طرف سے فیصل آبادوالوں کے لیے تحفہ،اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے فیصل آباد میں 300 بیڈ کا اسپتال بنانے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے فیصل آباد میں صنعت کاروں سے ملاقات کی ، ملاقات کے دوران انھوں نے فیصل آباد میں تین سوبیڈ کااسپتال بنانے کا اعلان کیا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ اسپتال کیلئے50 فیصد فنڈ وفاقی حکومت اور 40 فیصد فنڈ صنعتکار دیں گے جبکہ تعمیرات کے 10فیصد اخراجات پنجاب حکومت دے گی۔انھوں نے ملاقات میں مزید کہا کہ ارن ڈیوٹی پر پانچ فیصد چھوٹ دی جائے گی اور الائیڈ اسپتال کی اپ گریڈیشن بھی کی جائے گی۔
واضح رہےکہ وزیراعظم عمران خان نے فیصل آباد میں صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیصل آباد میں ہائیکورٹ کے قیام کے مطالبے سے متفق ہوں، ہائیکورٹ ہر ڈویژن کی سطح پر ہونی چاہیئے، جو بلدیاتی نظام لیکر آ رہے ہیں یہ پاکستان کا بہترین بلدیاتی نظام ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ پوری دنیا میں ہر شہر کا اپنا میئر ہوتا ہے، اس کا اپنا نظام ہوتا ہے، پوری دنیا میں بڑے شہروں کا میئر اپنی کابینہ بناتا ہے، میئر کے الیکشن براہ راست ہوں گے، ماضی کے تجربات سے سیکھ کر نیا بلدیاتی سسٹم لا رہے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ عوام کو سہولتیں فراہم کرے، ایک دن مانچسٹر کہے گا فیصل آباد ہم سے آگے نکل گیا، صوبائی ترقیاتی فنڈز سے شہر ٹھیک نہیں ہوسکتے۔