کیا کہنے امریکی کتوں کے :سمجھدار کتا اپنی گمشدگی کی رپورٹ لکھوانے خود ہی تھانے پہنچ گیا
ٹیکساس:کیا کہنے امریکی کتوں کے :سمجھدار کتا اپنی گمشدگی کی رپورٹ لکھوانے خود ہی تھانے پہنچ گیا،اطلاعات کےمطابق یہ واقعہ گزشتہ ہفتے امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر اوڈیسا میں پیش آیا جہاں شام کے وقت مقامی پولیس اسٹیشن میں ایک کتا داخل ہوا اور سکون سے چلتا ہوا فرنٹ ڈیسک تک جا پہنچا۔
یہاں پہنچ کر اس نے اپنے اگلے پنجے کاؤنٹر پر رکھ دیئے اور آرام سے کھڑا ہوگیا جیسے وہاں موجود اہلکار سے کوئی بات کرنا چاہ رہا ہو۔ اسے دیکھ کر وہاں موجود پولیس اہلکاروں کو اندازہ ہوگیا کہ وہ کوئی پالتو اور سدھایا ہوا کتا ہے جو اپنے مالک سے بچھڑ گیا ہے، اس لیے وہ اپنی ہی گمشدگی کی رپورٹ لکھوانے وہاں آگیا ہے۔
کتے کا سکون اور اطمینان دیکھ کر پولیس والوں کو حیرت ہوئی لیکن بدقسمتی سے اس کے گلے میں کوئی شناختی ٹیگ موجود نہیں تھا جس سے اس کے مالک کے بارے میں پتا چل سکتا۔ تاہم ’’حیوانی ہمدردی‘‘ کے تحت پولیس والوں نے اس کے ساتھ کھیلنا شروع کردیا۔
کچھ دیر بعد جب کوئی اسے لینے نہیں آیا تو اس کی تصاویر ’’اینیمل کنٹرول ڈیپارٹمنٹ‘‘ کو بھیج دی گئیں تاکہ وہ اس کے مالک کو تلاش کرسکے۔ البتہ، اس سے پہلے کہ متعلقہ محکمے والے وہاں پہنچتے، یہ کتا خود ہی وہاں سے چلا گیا اور معلوم ہی نہیں ہوسکا کہ وہ کہاں سے آیا تھا۔
اگلے روز جب اس کتے کی تصویریں سوشل میڈیا اور مقامی ویب سائٹس پر نمودار ہوئیں تو کتے کے مالک نے پولیس اسٹیشن کال کرکے بتایا کہ اس کتے کا نام ’’چیکو‘‘ ہے جو کل شام اس سے بچھڑ گیا تھا لیکن رات گئے تک خود ہی گھر واپس بھی آگیا تھا۔ پولیس کے مطابق، یہ کتا پولیس اسٹیشن سے صرف ایک میل کے فاصلے پر ہی کسی گھر میں رہتا ہے۔