کوہاٹ چوکیدار اور اسکے والد کے دوہرے قتل کی واردات میں ملوث ملزم آلہ قتل سمیت گرفتار!!!

0
31

کوہاٹ پولیس نے چوکیدار اور اسکے والد کے دوہرے قتل کی واردات میں ملوث ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا ہے۔زیر حراست ملزم نے ابتدائی پوچھ گچھ میں اعتراف جرم کرلیا ہے جسے تھانہ محمد ریاض شہید میں درج قتل کے مقدمے میں باضابطہ طور پر نامزد کردیا گیا ہے۔ڈی ایس پی صدر ناظر حسین نے ایس ایچ او تھانہ محمد ریاض شہید فیاض خان اور تفتیشی آفیسر عصمت اللہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 3فروری کی رات کو شہر کے مضافاتی علاقہ میاں گان کالونی میں واقع جمال پلازہ کے چوکیدار طارق اور اسکے والد میر عظیم کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا جسکی ایف آئی آر فی الفورتھانہ محمد ریاض شہید میں درج کرلی گئی۔انہوں نے بتایا کہ دوہرے اندھے قتل کے اس واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ نے اپنی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ محمد ریاض شہید فیاض خان، انوسٹی گیشن آفیسر عصمت اللہ، اے ایس آئی محمد خان اور دیگر ماہر پولیس افسران پر مشتمل خصوصی سراغ رساں ٹیم تشکیل دی جس نے شبانہ روز محنت اور جدید طرز تفتیش بروئے کار لاتے ہوئے واقعے میں ملوث سفاک ملزم کا کھوج لگالیا اور ایک کامیاب کاروائی کے دوران پولیس نے سفاک ملزم ارشد الرحمان ولد عبدالرحمان سکنہ ڈھل بہزادی کوہاٹ کو گرفتار کرلیا اور اسکی نشاندہی پر آلہ قتل پستول بمعہ کارتوس برآمد کرکے تحویل میں لے لیے۔ڈی ایس پی نے مزید بتایا کہ زیر حراست ملزم نے دوہرے قتل کے اس واقعے میں ملوث ہونے کا اعتراف جرم کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ وقوعہ کی رات وہ میاں گان کالونی میں واقع جمال پلازہ سے موٹر سائیکل چوری کررہا تھا کہ اس دوران پلازے کے چوکیدار نے دیکھتے ہی اسے پکڑنے کی کوشش کی تو مزاحمت پر اس نے فائرنگ کرکے انہیں موت کے گھاٹ اتاردیا جبکہ بعد ازاں فرار ہوتے وقت جب چوکیدار کے والد نے اسکا راستہ روکنے کی کوشش کی تو اس نے پکڑے جانے کے خوف سے انہیں بھی گولیاں ماریں۔انہوں نے بتایا کہ ملزم کے قبضے سے ملنے والا آلہ قتل اور جائے وقوعہ سے برآمد ہونیوالے دیگر اہم شواہد فارنزک لیبارٹری ارسال کردئیے گئے ہیں اور مقدمے کی تفتیش درست سمت میں جاری ہے۔ ڈی ایس پی کے مطابق گرفتار ملزم پولیس کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کرچکا ہے جسے ابتدائی قانونی کاروائی مکمل کرنے کے بعد عدالت کے سامنے پیش کردیا گیا۔ بعد ازاں اسے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیاگیاہے۔اس دوہرے اندھے قتل اور چیلنجنگ کیس میں ملزم کی کھوج لگا کر اس کی گرفتار ی کو بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے علاقے کے لوگوں نے مقامی پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو بے حد سراہا ہے۔

Leave a reply