ٹھٹھہ : والدین اپنے بچوں کو معذوری سے بچانے کیلئے پولیو کے قطرے ضرور پلائیں – ڈپٹی کمشنر

باغی ٹی وی،ٹھٹھہ (نامہ نگار راجہ قریشی) ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ نے کہا ہے کہ والدین اپنے بچوں کو معذوری سے بچانے کیلئے پولیو کے قطرے ضرور پلائیں پولیو ٹیموں کی گھر گھر موجودگی کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ غضنفر علی قادری نے محکمہء صحت سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ 24 اکتوبر 2022ء سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے دوران تمام موجود وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ایمانداری اور نیک نیتی سے اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں اور مہم کے دوران بہتر نتائج کے حصول کیلئے کوئی کسر نہ چھوڑیں یہ ہدایت انہوں نے دربار ہال ڈی سی آفیس مکلی میں آئندہ انسداد پولیو مہم کے انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لینے کے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی ڈپٹی کمشنر نے محکمہء صحت کے افسران کو مزید ہدایت کی کہ وہ دور دراز علاقوں کیلئے مقامی این جی اوز سے بھی مدد لیں تاکہ معصوم بچوں کو پولیو جیسی خطرناک بیماری سے بچایا جا سکے انہوں نے پولیس افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ ٹرانزٹ پوائنٹس پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر کرنے والے بچوں کو قطرے پلانے کیلئے پولیو ٹیموں سے تعاون اور مدد یقینی بنائیں انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیموں کی گھر گھر موجودگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے رہ نہ جائے ڈپٹی کمشنر نے ضلع ٹھٹہ کے عوام بالخصوص والدین سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں آنے والی پولیو ٹیموں سے تعاون کرتے ہوئے اپنے پھولوں جیسے بچوں کو معذروری سے بچانے کیلئے انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلائیں این اسٹاف ڈاکٹر راجیش کمار نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مہم کے دوران پانچ سال تک عمر کے دو لاکھ 27 ہزار 593 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اس ضمن میں سات سو اٹھارہ 718 گشتی، انچاس 49 فکسڈ اور چون 54 ٹرانزسٹ پوائنٹس جبکہ 171 ایریا انچارچز مقرر کئے گئے ہیں تاکہ مہم کو سو فیصد کامیاب بنایا جا سکے اس موقعہ پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد حنیف میمن، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خدا بخش بہرانی ڈسٹرکٹ مینیجر یونیسیف اعجاز احمد جاکھرو کے علاوہ محکمہء صحت، تعلیم، پولیس ، لوکل گورنمنٹ و دیگر افسران اور مختلف این جی اوز کے نمائندے بھی موجود تھے قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے سول ہسپتال مکلی پہنچ کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا بعد ازیں ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں مکلی سول ہسپتال تا ڈی سی آفس چوک تک بچوں کو پولیو جیسی خطرناک بیماری سے نجات دلانے کیلئے عوام میں شعور بیدار کرنے کے متعلق ایک شاندار ریلی بھی نکالی گئی.

Leave a reply