ننکانہ صاحب:این اے 118 کے بعد این اے 108 میں عمران خان کے لیے مشکلات کھڑی ہوگئیں،اطلاعات کے مطابق پہلے این اے 118 میں عمران خان کے کاغذات نامزدگی چیلنج کرکے ان کے لیے الیکشن لڑنے میں رکاوٹ کھڑی کردی گئی اور اب اطلاعات ہیں کہ این اے 108 میں بھی عمران خان کےلیے ایک اور مشکل آپہنچی ہے،
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 108 کے ضمنی انتخابات میں کاغذات نامزدگی کی تصدیق کیلئے پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا، ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے عمران خان کو مراسلہ بھجوادیا گیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ہدایت کی ہے کہ این اے 108 پر ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کیلئے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان ذاتی حیثیت میں پیش ہوکر کاغذات نامزادگی کی تصدیق کروائیں۔
الیکشن کمیشن نے کل شام چار بجے سابق وزیر اعظم کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق عمران خان کی غیر موجودگی میں میرٹ کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔
این اے 108 کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے مسلم لیگ ن کے امیدوار عابد شیر علی نے عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات بھی جمع کروادئیے۔
اعتراضات میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ عمراں خان القادر ٹرسٹ کے ٹرسٹی ہیں لیکن انہوں نے اسکو ڈیکلئیر نہیں کیا جبکہ توشہ خانہ سے لئے گئے تحائف بھی عمران خان نے ظاہر نہیں کئے، اس لئے عمران خان کے کاغذات نامزادگی مسترد کئے جائیں۔
دوسری طرف قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 118 میں ضمنی انتخاب کے لیے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کر دیا گیا۔
مسلم لیگ ن کی ڈاکٹر شذرہ منصب نے عمران خان کےکاغذات کے خلاف اعتراضات جمع کروائے ہیں۔ ریٹرننگ آفیسر (آر او) نے عمران خان کو اعتراضات کے جواب کے لیےکل طلب کرلیا ہے۔این اے 118 سے مسلم لیگ ن کی امیدوار ڈاکٹر شذرہ منصب نے میڈیاسےگفتگو میں کہا کہ عمران خان کا استعفیٰ ابھی تک قبول نہیں ہوا، موجودہ رکن قومی اسمبلی کسی اور حلقے سے کیسے الیکشن لڑ سکتا ہے؟
خیال رہےکہ پی ٹی آئی اراکین کے استعفوں کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی 9 نشستوں پر ضمنی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کردیا ہے جس کے مطابق پولنگ 25ستمبر کو ہوگی۔
عمران خان نے بیک وقت مردان، چارسدہ، پشاور، کرم، فیصل آباد، ننکانہ، ملیر، کورنگی اور کراچی ساؤتھ میں ضمنی انتخابات میں میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے اور ان کی جانب سے کاغذات نامزدگی بھی جمع کروادیےگئے ہیں۔








