عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہونے والے بالی وڈ لیجنڈری اداکار77 سالہ امیتابھ بچن کے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ اُنہیں کورونا کی ہلکی علامات ظاہر ہوئی ہیں لیکن اُن کی طبیعت مستحکم ہے۔
باغی ٹی وی : گزشتہ روز کورونا وائرس کا شکار ہونے والے بھارتی اداکار امیتابھ بچن اور اُن کے بیٹے ابھیشیک بچن کورونا ٹیسٹ کے نتائج مثبت آنے کے بعد سے ممبئی کے ناناوتی اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں زیر علاج ہیں، اس ضمن میں اسپتال کے آئی سی یو وارڈ کے سربراہ ڈاکٹر عبدالصمد انصاری نے بھارتی میڈیا انڈین ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ امیتابھ بچن کی طبیعت مستحکم ہے
بھارتی میڈیا کے مطابق ڈاکٹر عبدالصمد انصاری نے کہا کہ اس وقت ہمارے کندھوں پر ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے اور وہ ذمہ داری بھارتی فلم انڈسٹری کی اتنی بڑی شخصیت اور اُن کے بیٹے کا علاج کرنا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ امیتابھ بچن کو کورونا کی کچھ ہی علامات ظاہر ہوئی ہیں اور اُن کی طبیعت بھی ٹھیک ہے۔ ڈاکٹر نے بتایا کہ کورونا کے مریض کو 10سے 12دن میں علامات ظاہر ہوتی ہیں اور آج امیتابھ بچن کو 5 دن ہوجائیں گے لیکن زیادہ علامات ظاہر نہیں ہوئی ہیں۔
ڈاکٹر نے کہا کہ اگلے 7 دن ہمارے لیے بہت اہم ہیں کیونکہ ان دنوں میں امیتابھ بچن میں کورونا کی نئی علامات بھی ظاہر ہوسکتی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امیتابھ بچن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے کورونا مثبت آنے سے متعلق آگاہ کیاتھا ، اُنہوں نے بتایا تھا کہ اُن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے اور اُنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ اس حوالے سے متعلقہ حکام کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب ابھیشیک بچن نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ اُن کا اور اُن کے والد امیتابھ بچن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ابھیشیک نے کہا تھا کہآج میرے والد اور مجھ میں کووٖ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہم دونوں میں معمولی علامات کے بعد ہسپتال میں داخل ہوئے میں سب سے درخواست کرتا ہوں کہ پرسکون رہیں اور پرشان مت ہوں-
انہوں نے کہا کہ وہ تمام افراد جو گزشتہ 10 دن کے دوران ان کے قریب رہے وہ تمام افراد بھی اپنے ٹیسٹ کرالیں۔
خیال رہے کہ امیتابھ بچن 11 اکتوبر 1942 کو الہ آباد میں پیدا ہوئے اور 1969 میں فلم سات ہندوستانی سے اپنی فلمی کیرئیر کا آغاز کیا۔
انہیں شہرت 1971 میں ریلیز ہونے والی فلم آنند سے ملی جس میں ان کے کردار کو فلم فیئر کا بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ بھی دیا گیا 1973 میں فلم زنجیر نے انہیں حقیقی معنوں میں شہرت دلائی اور انہیں اینگری ینگ مین کہا جانے لگا مگر ان کا عروج فلم شعلے سے شروع ہوا جس کے بعد انہوں نے کبھی پیچھے پلٹ کر نہیں دیکھا۔
امیتابھ بچن بالی وڈ کو کبھی کبھی، امر اکبر انتھونی، ڈان، تریشول، مقدار کا سکندر، سلسلہ، مسٹر نٹورلال، ہم، محبتیں، کبھی خوشی کبھی غم، باغبان، آںکھیں، خاکی اور بلیک سمیت متعدد سپرہٹ فلمیں دے چُکے ہیں انہیں 3 بار نیشنل فلم ایوارڈ اور 12 بار فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا جبکہ دیگر لاتعداد اعزاز الگ ہیں-








