آل پارٹیز کانفرنس: اپوزیشن نے حکومت کو جنوری تک کی مہلت دے دی،مولانا کے خیالات سے اختلاف
اسلام آباد :آل پارٹیز کانفرنس: اپوزیشن نے حکومت کو جنوری تک کی مہلت دے دی،مولانا کے خیالات سے اختلاف ،اطلاعات کے مطابق ملک کی حزب اختلاف کی جماعتوں نے آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں حکومت کے خلاف ملک گیر تحریک چلانے کا فیصلہ کرلیا۔
اے پی سی کی دوبڑی جماعتوں ن لیگ اورپی پی نے مولانا فضل الرحمن کی اسمبلیوں سے فوری استعفے کے مطالبے کونامناسب سمجھتے ہوئے مسترد کردیا ہے
ذرائع کے مطابق اپوزیشن اتحاد کو ’پاکستان ڈیموکریٹک الائنس‘ کا نام دیا گیا ہے اور وزیر اعظم عمران خان کے فوری استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اے پی سی میں ملک گیر حکومت مخالف احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت اکتوبر میں احتجاج اور عوامی ریلیاں نکالی جائیں گی جس میں تمام اپوزیشن جماعتیں شریک ہوں گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دسمبر میں حکومت مخالف احتجاج کیا جائے گا اور جنوری 2021 میں اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق حکومت کو صرف جنوری تک وقت دیا جائے گا، ملک میں آزاد شفاف نئے انتخابات کا مطالبہ کیا جائے گا، نئے انتخابات نہ کرانے پر دھرنا یا مارچ شروع کیا جائے گا جب کہ تحریک عدم اعتماد کا آپشن بھی ضرورت پڑنے پراستعمال کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسمبلیوں سے مستعفی ہونا بھی آپشنز میں شامل ہوگا جب کہ ٹروتھ کمیشن قائم کیا جائے گا جو 1947 سے آج تک پاکستان کی حقیقی تاریخ پرحقائق سامنے لائے گا۔