فلپائن :شمالی فلپائن میں شدید زلزلے کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور 60 زخمی ہو گئے ہیں۔خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق وزیر داخلہ بنجمن ابالوس نے ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی نیوز کانفرنس میں بتایا کہ دو افراد بینگویٹ صوبے میں جبکہ 2صوبہ ابرا اور ایک دوسرے صوبے میں ہلاک ہوا۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے اعداد و شمار کے مطابق زلزلہ ڈولورس قصبے سے 11 کلومیٹر جنوب مشرق میں 10 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔

صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر نے فیس بک پر کہا کہ زلزلے سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں افسوسناک اطلاعات کے باوجود ہم ضرورت مندوں اور اس آفت سے متاثر ہونے والوں کو فوری امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

زلزلہ مارکوس خاندان کے سیاسی گڑھ کے قریب آیا۔ریاستی سیسمولوجی ایجنسی کے ڈائریکٹر ریناٹو سولیڈم نے ڈی زیڈ آر ایچ ریڈیو اسٹیشن کو بتایا کہ شدید آفٹر شاکس متوقع ہیں۔رینٹو نے کہا کہ زلزلے کا مرکز ابرا اور قریبی صوبوں کے پاس تھا اور یہ ایک بڑا زلزلہ ہے۔

ابالوس نے بتایا کہ ابرا صوبے میں 173 عمارتوں کو نقصان پہنچا اور 58 مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کی اطلاع ملی جس میں 60 میں سے 44 زخمی ہوئے۔حکام نے بتایا کہ عمارت کے جزوی طور پر منہدم ہونے کے بعد ابرہ صوبے میں ایک ہسپتال کو خالی کرا لیا گیا ہے لیکن وہاں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

ابرا کے نائب گورنر جوئے برنوس نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر تباہ شدہ ابرا ہسپتال کی تصاویر پوسٹ کیں جس میں اس کے اگلے حصے میں ایک بڑا سوراخ دیکھا جا سکتا ہے۔

Shares: