اسپیکر قومی اسمبلی کی سربراہی میں پاکستان کا پارلیمانی وفد آئزربائجان روانہ

0
65

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں پاکستان کا 14 رکنی پارلیمانی وفد آذربائیجان ، پاکستان اور ترکی کے اسپیکر کے پہلے سہ فریقی اجلاس میں شرکت کے لئے باکو ، آذربائیجان روانہ ہو گیا ہے۔

پارلیمانی وفد کا یہ دورہ آذربائیجان کی ملی مجلس کی اسپیکر Sahiba Gafarova کی اس سہ فریقی اجلاس میں شرکت کے لئے خصوصی دعوت پر کیا جا رہا ہے جو 26 جولائی سے 31 جولائی 2021 تک باکو میں منعقد ہوگا ۔اس سہ فریقی پلیٹ فارم کی تشکیل آذربائیجان کی ملی مجلس کی اسپیکر Sahiba Gafarova کی تجویز تھی جس کی پاکستان اور ترکی کے اسپیکروں نے تینوں برادر ممالک میں قریبی اور برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے تائید کی۔اس سہ فریقی اجلاس میں علاقائی تعاون اور رابطوں کو بڑھانے پر غور کرنے کے لئے 27 جولائی 2021 کو تین پارلیمنٹس کے اسپیکروں کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوگا۔ ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاسوں کے دوران باکو اعلامیہ کے مندرجات اور دوسری سہ فریقی اجلاس کے مقام کا تعین پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

پاکستان کا پارلیمانی وفد پہلی سہ فریقی اجلاس میں شرکت کے علاوہ آذربائیجان کی سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کرے گا۔ دونوں ممالک میں پارلیمانی تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے جائیں گے۔ یہ دورہ دونوں برادر ممالک کی پارلیمانوں کے مابین تعلقات کو فروغ دینے اور علاقائی رابطوں میں اضافے کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا ۔ اسپیکر قومی اسمبلی دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں رابطوں میں اضافے کے اپنے عزم کا اعادہ کریں گے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت کو بھی اجاگر کریں گے۔

پاکستانی پارلیمانی وفد میں ممبران قومی اسمبلی صاحبزادہ صبغت اللہ ، صالح محمد ، سیف الرحمن ، شوکت علی ، منزہ حسن ، مرتضیٰ جاوید عباسی ، فضل محمد خان ، راجہ خرم شہزاد نواز ، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا ، سید مصطفی محمود ، سید حسین طارق ، اسامہ قادری اور ناز بلوچ پر مشتمل ہے۔

Leave a reply