عاطف اسلم اور ماہرہ خان کا نیا گانا ’’اجنبی‘‘ ریلیز ہوتے ہی مقبول ہوگیا اوریوٹیوب پر ٹرینڈنگ میں ہے۔
باغی ٹی وی :گلوکار عاطف اسلم نے کچھ عرصہ قبل اپنے نئے گانے ’’اجنبی‘‘ کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم انہوں نے اپنے مداحوں کو یہ سرپرائز دے کر حیران کردیا تھا کہ اس گانے میں اداکارہ ماہرہ خان ان کے ساتھ پرفارم کریں گی۔
عاطف اسلم اور ماہرہ خا ن کو ایک ساتھ دیکھنے کے لیے ان کے مداح پُرجوش تھے کیونکہ دونوں 10 برسوں بعد ایک ساتھ کسی پراجیکٹ میں نظر آنے والے تھے۔ اس سے قبل دونوں ایک ساتھ فلم ’’بول‘‘ میں نظر آئے تھے جو 2011 میں ریلیز ہوئی تھی۔
گزشتہ روز گانا یوٹیوب پر ریلیز کردیا گیا جو آتے ہی مقبول ہو گیا ہے گانے کو یوٹیوب پر اب تک 4 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے جب کہ ریلیز کے چند گھنٹوں بعد ہی یہ گانا یوٹیوب پر نمبر 9 پر ٹرینڈ کررہا ہے۔
عاطف اسلم کا نیا گانا ’’اجنبی‘‘ ایک مختلف قسم کاگانا ہے جس کا موازنہ ان کے پرانے فاسٹ بیٹ کے گانوں سے نہیں کیا جاسکتا۔ لوگوں کو ان کا گانا پسند آرہا ہے ویڈیو میں ماہرہ خان بہت خوبصورت لگ رہی ہیں اور لوگوں کی جانب سے ان کے چہرے کے تاثرات کو بھی بے حد سراہا جارہا ہے۔
عاطف اسلم نے اداکاری میں انٹری کی تصدیق کر دی
واضح رہے کہ عاطف اسلم نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے نئے آنے والے گانے اجنبی کا پوسٹر شیئر کیا تھا۔ پوسٹر میں عاطف اسلم کے نئے گانے میں اُن کے ہمراہ صفِ اول اداکارہ ماہرہ خان بھی موجود تھیں۔
عاطف اسلم نے پوسٹ میں لکھا تھا کہ 10 سال کے طویل انتظار کے بعد وہ اداکارہ ماہرہ خان کے ساتھ اپنے گانے میں نظر آئیں گے۔
اس سے قبل عاطف اسلم نے انسٹا گرام پر اپنے آنے والے نئے گانے کا ٹیزر جاری کیا تھا جسے ایک دن میں 5 لاکھ 81 ہزار سے زائد افراد نے پسند کیا۔ عاطف اسلم کا کہنا تھا کہ یہ ٹیزر میرے مداحوں کے لیے ویک اینڈ کا تحفہ ہے۔
ماہرہ خان نے فلمی کیریئر کا آغاز فلم بول سے کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے شہرت کی بلندیوں کو چھو لیا ہدایت کار شعیب منصور کی 2011 میں بنائی گئی اس فلم میں ماہرہ خان نے گلوکار اور اداکار عاطف اسلم کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیا تھا ، فلم نے باکس آفس پر شاندار بزنس بھی کیا تھا –