پشاور۔(اے پی پی)اسسٹنٹ کمشنر مردان گل بانو نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی ہدایت پر مردان میں عوام کی سہولت کے لیے سستابازار لگانے کا فیصلہ کیا ہے، سستا بازار میں عوام کو اشیاء خوردونوش سستے دام ملیں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر سہیل الرحمان، مختلف سرکاری محکموں کے افسران، تاجر تنظیموں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر مردان نے کہا کہ صوبائی حکومت نے مردان میں سستا بازار کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جو جلد ہی چارسدہ چوک کے قریب کینال روڈ پر لگایا جائے گا،سستا بازار میں لوگوں کو گوشت، سبزی،دالیں،مرغی،پھل،گھی، مچھلی، چاول اور دیگر اشیا خوردنی کے علاوہ کاسمیٹکس کا سامان بھی سست داموں ملے گا، جس کا مقصد عوام کو عام مارکیٹ کے مقابلے میں سستے داموں پر اشیائے خوردونوش کی سہولیات بہم پہنچانا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سستا بازار کے لیے مختص جگہ پر تمام سہولیات کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

Shares: