بلدیہ عظمیٰ کا 25 ارب سے زائد کا بجٹ منظور

0
36

ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے ایک قرارداد کے ذریعے کے ایم سی کے بجٹ کی منظوری دے دی۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مالی سال 22-2021 کے 25 ارب 98 کروڑ 24 لاکھ روپے سے زائد کے بجٹ کی منظوری دے دی گئی۔

بجٹ میں اخراجات کا تخمینہ 25 ارب 97 کروڑ 4 لاکھ 67 ہزار روپے ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے سٹی کونسل اختیارات استعمال کر کے بجٹ کی منظوری دی۔

ایڈمنسٹریٹر لئیق احمد کا کہنا ہے کہ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس شامل نہیں کیا گیا ہے، غیر ترقیاتی اسکیمیں بھی کم رکھی گئی ہیں، انفرا اسٹرکچر بہتر بنانے کے لیے سڑکوں، باغات، اسپورٹس کمپلیکس اور انجینئرنگ منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔

بجٹ میں کے ایم سی کی طرف سے 700 سے زائد ترقیاتی اسکیمیں رکھی گئی ہیں، جن کے لیے 5 ارب روپے رکھے گئے ہیں، 700 اسکیموں میں سے 409 اسکیمیں شہر میں جاری ہیں، ایڈمنسٹریٹر لئیق احمد کا کہنا ہے کہ گزشتہ مالی سال میں شروع کیے جانے والی 200 اسکیموں کو آئندہ سال مکمل کیا جائے گا۔

مالی سال 22-2021 کا یہ بجٹ 11 ملین روپے سرپلس کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ آج قومی اسمبلی نے وفاقی بجٹ کی منظوری دے دی ہے، فنانس بل 2021-22 ترامیم کے ساتھ کثرت رائے سے منظور کیا گیا، قومی اسمبلی میں مالیاتی بل وزیر خزانہ شوکت ترین نے پیش کیا، فنانس بل پیش کرنے کی تحریک کے حق میں 172 ووٹ آئے، جب کہ 138 ووٹ تحریک کے خلاف آئے۔

Leave a reply