بلدیاتی ملازمین کی ہڑتال کے باعث شہر قائد میں کچرے کے ڈھیر

0
35

کراچی: بلدیاتی ملازمین کی ہڑتال کے باعث کچرا اٹھانے کا کام رکنے سے شہر میں کچرے کے ڈھیر لگنے لگے۔ بلدیاتی عملے نے کچرا اٹھانے اور سیوریج کا کام چھوڑ رکھا ہے ۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں بلدیاتی ملازمین نے تنخواہوں کے معاملے پر ہڑتال کررکھی ہے جس سے شہر کے مختلف علاقوں میں کچرے کے انبار لگنا شروع ہوگئے ہیں بلدیاتی عملے نے کچرا اٹھانے اور سیوریج کا کام احتجاجاً چھوڑ رکھا ہے جس سے شہر کے گلی محلوں میں کچرے کے ڈھیر لگ گئے ہیں ۔

شہریوں کا کہنا ہےکہ دو تین روز سے بلدیاتی عملہ کچرا اٹھانے نہیں آرہا جس سے گلی محلوں میں بدبو پھیل رہی ہے اور بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے دوسری جانب بلدیاتی ملازمین کا کہنا ہے کہ او زیڈ ٹی کی کمی کے باعث کٹوتی سے ہر ماہ 35 فیصد تنخواہوں سے محروم ہورہے ہیں ۔

ورکرز فیڈریشن اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں۔

بلدیاتی ملازمین کی ہڑتال کےباعث جہاں کراچی میں صورتحال انتہائی خراب ہے وہیں حیدرآباد ، سکھر ،لاڑکانہ، نواب شاہ اور سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی صفائی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ بلدیاتی ملازمین کی جانب سے آڈیٹر جنرل آف سندھ کےذریعے ٹریژری سےتنخواہیں دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔

Leave a reply