گوجرانوالہ : 5 جون سے پنجاب بھر میں پلاسٹک بیگز پر پابندی عائد کر دی گئی ہے

گوجرانوالہ باغی ٹی وی ( نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی )پلاسٹک بیگ سیوریج نظام کی تباہی، آلودگی میں اضافے اور زرعی زمینوں کی بربادی کا سبب بن رہے ہیں، کھانے پینے کی اشیاء کے لیے شاپر بیگ کا استعمال مہلک امراض میں اضافے کا باعث بن رہا ہے، تدارک کے لیے ٹھوس اقدمات کرنے کی ضرورت ہے،

لاہور ہائیکورٹ اور حکومت پنجاب کا عزم ہے کہ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جائے۔ پلاسٹک بیگز کے استعمال سے ماحول کو ہونے والے نقصانات کو مد نظر رکھتے ہوئے 5 جون 2024 سے پنجاب بھر میں پلاسٹک بیگز پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر محمد طارق قریشی نے تاجروں اور صنعت کاروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر حسین بٹ، اسسٹنٹ کمشنرز (سٹی عبدالباسط، کامونکی خرم مختار بھنگو)، ڈپٹی ڈائریکٹر تحفظ ماحولیات، تاجر برادری (بابر کھرانہ، میاں فضل الرحمن اور دیگر)اور متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں سمیت صنعت کار شریک تھے۔

ڈپٹی کمشنر محمد طارق قریشی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کی طرف سے ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والے پلاسٹک بیگز پر پابندی عائد کردی گئی ہے،

عدالتی احکامات اور حکومت پنجاب کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ کی طرف سے (پلاسٹک کی بنی ہوئی کان صاف کرنے والی سٹک، غبارے کی پلاسٹک سٹک، پلاسٹک کے جھنڈے، کینڈی سٹک، آئس کریم سٹک, پلاسٹک کے کانٹے، چمچے، اسٹرا، پلیٹیں، پیالے، ڈسپوزایبل گلاس، پلاسٹک ٹرے وغیرہ، مٹھائی کے ڈبوں کی پلاسٹک شیٹ، پلاسٹک کے دعوت نامے، ڈسپوزایبل فوڈ باکسز، ریپنگ شیٹس، سگریٹ پیکٹ کی پلاسٹک، لاسٹک بینرز اور پی وی سی بینرز جن کی موٹائی 80 مایکرون سے کم ہے) اور دیگر پلاسٹک سے بنی اشیاء پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

اس سلسلہ میں تمام پلاسٹک کا کاروبار کرنیو الے افراد کو 5 جون تک اپنا موجودہ سٹاک ختم کرنے کیلیے مہلت دی ہے، 5 جون کی دی گئی ڈیڈ لائن کے بعد پلاسٹک بیگز کا استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پلاسٹک کا استعمال کرنے والوں کے خلاف کاروائیوں کے لیے ٹیمیں تشکل دے دی گئی ہیں جو 5 جون کے بعد عدالتی احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے پلاسٹک بیگز استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائیں گی جس پر پہلی خلاف ورزی پر 05 ہزار سے 20 ہزار تک کا جرمانہ اور دوسری مرتبہ خلاف ورزی پر مقدمہ کا اندراج، کاروباری جگہ سیل اور گرفتاریاں بھی عمل لائی جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عدالت کی طرف سے پابندی  کے باوجود شہر کے تمام مالز اور شاپنگ سنٹرز میں  پلاسٹک بیگز کا استعمال جاری ہے جس کی حوصلہ شکنی کی ضرورت ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے پلاسٹک بیگز کے کاروبار سے منسلک تمام تاجروں اور صنعتکاروں سے کہا ہے کہ وہ سنگل یوز پلاسٹک بیگز کی تیاری و خرید و فروخت ترک کردیں اور شہر و ضلع کی تمام چھوٹی بڑی مارکیٹوں، بازاروں، شاپنگ سنٹرز، شاپنگ مالز اور عوامی مقامات پر آگاہی کے لیے فلیکسز آویزاں کریں تاکہ شہریوں کو پلاسٹک بیگز پر عائد پابندی بارے آگاہی ہو اور اس کے استعمال کو ترک کریں۔

ماحول کو صاف ستھرا اور آلودگی سے پاک بنانے میں معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا

Leave a reply