بنک مسقط صارفین ہو جائیں ہوشیار، عمانی بنک نے خبردار کر دیا
عمان (مسقط_نمائندہ باغی ٹی وی) سلطنت آف عمان کے بڑے بنک ” بنک مسقط” نے اپنے صارفین کو جعل سازوں سے ہوشیار رہنے کے لیے کہا ہے۔ ذرائع کے مطابق جعل ساز پچھلے کچھ عرصہ سے بنک کا نمائندہ ظاہر کرتے ہوئے وٹس ایپ کے ذریعے لوگوں کو پیغام ارسال کرتے ہیں کہ ان کا بنک اکاؤنٹ اور ATM کارڈ بند کیا جا رہا ہے جبکہ اکاؤنٹ کو بحال رکھنے کے لیے آپ سے کچھ معلومات درکار ہیں اس کے لیے ساتھ ایک موبائل نمبر بھی لکھا ہوتا ہے جس پر رابطہ کرنے کو کہا جاتا ہے۔ رابطہ کرنے کی صورت میں بنک صارف سے ذاتی اور بنک اکاؤنٹ سے متعلق معلومات حاصل کی جاتی ہیں۔ اور پھر اکاؤنٹ ہیک کر کے اس شخص کو اپنے بنک اثاثوں سے محروم کر دیا جاتا ہے۔
بنک مسقط نے خبردار کیا ہے کہ یہ پیغامات دھوکہ دہی اور فراڈ پر مبنی ہیں۔ بنک نے ایسا کوئی پیغام نہیں بھیجا۔ براہ مہربانی ایسے جعل سازوں اور دھوکہ بازوں سے ہوشیار رہیں۔ اور اپنی ذاتی نوعیت کی معلومات کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔