بھارت کی شوٹر دادی کورونا کے باعث چل بسیں

بھارت میں شوٹر دادی کے نام سے مشہور چندرو تومار بھی جمعہ کے روز کورونا کے باعث چل بسیں۔

باغی ٹی وی: بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ دنوں 89 سالہ شوٹر دادی میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد سے وہ میرٹھ کے اسپتال میں زیر علاج تھیں۔

اسپتال میں دوران علاج شوٹر دادی کا انتقال ہوگیا۔

شوٹر دادی نے بڑی عمر میں کئی نیشنل اور ریاستی سطح پر نشانہ بازی کے مقابلوں میں حصہ لیا اور میڈلز جیتے ہیں۔

واضح رہے کہ چندرو اور پرکاشی، بھارت میں شوٹر دادی کے نام سے مشہور ہوئیں جس کی وجہ یہ تھی کہ ان دونوں نے پہلی بار جب بندوق اٹھائی تو ان دونوں کی عمریں اس وقت ساٹھ سال سے زیادہ تھی۔ جس کے بعد ان دونوں نے قومی سطح کے کئی مقابلے جیتے۔

ان پر بالی وڈ میں 2019 میں فلم ساند کی آنکھ بنائی گئی جس میں تاپسی پنوں اور بھومی پیڈنیکر نے مرکزی کردار ادا کیے۔

دادی کے انتقال پر بالی وڈ شخصیات کی جانب سے شدید غم کا اظہار کیا جا رہا ہے جبکہ بھومی پیڈنیکر اور تاپسی پنو نے سوشل میڈیا پر آنجہانی دادی چندرو تومار کو خراج عقیدت پیش کیا۔

Leave a reply