چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری نے اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف سے اپوزیشن چیمبر میں ملاقات کی ہے.
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ملاقات میں پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ اور راجہ پرویز اشرف بھی شریک ہوئے جبکہ اسی طرح مسلم لیگ ن کی جانب سے خواجہ محمد آصف، رانا تنویراور مریم اورنگزیب نے شرکت کی.
ملاقات کے دوران حکومت مخالف تحریک کے حوالہ سے رواں ماہ کے اختتام پر بلائی جانے والی مجوزہ اے پی سی، پارلیمانی اور بجٹ امور سمیت پروڈکشن آرڈرز پر بات چیت ہوئی.
واضح رہے کہ قبل ازیں قومی اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی تقریر کے دوران حکومتی ارکان کی جانب سے شور شرابا کیا جاتا رہا جبکہ پیپلز پارٹی کے اراکین آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کرتے رہے. اس دوران احسن اقبال اور بعض دیگر اراکین اسمبلی موبائل سے ویڈیو بھی بناتے رہے جس پر ڈپٹی اسپیکر اسمبلی نے انہیں منع کیا اور کہا کہ اسمبلی میں موبائل سے ویڈیو بنانے کی اجازت نہیں ہے. ایوان میں کوئی موبائل کا استعمال نہیں کر سکتا.
حکومتی ارکان نے شہباز شریف کے قریب آنے کی کوشش کی تو اپوزیشن ارکان نے انہیں اپنے حصار میں لے لیا۔ قاسم خان سوری نے ارکان اسمبلی کو موبائل فون سے ویڈیوز بنانے سے باز رہنے کی بھی تنبیہ کی۔ ڈپٹی اسپیکر نے حکومتی ارکان کو کئی بار خاموش ہونے اور نشستوں پر بیٹھنے کا کہا لیکن حکومتی ارکان نے ہنگامہ آرائی جاری رکھی جس پر قاسم خان سوری نے اجلاس کچھ دیر کیلیے ملتوی کردیا تھا.