لاہور:سرکاری زمین اپنے نام منتقل کروانے کا الزام،عثمان بزدار کے خلاف مقدمات درج،اطلاعات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف سرکاری اراضی اپنے نام کروانے پر اینٹی کرپشن میں مقدمات درج کرلیے گئے ہیں جن میں اُن کے بھائیوں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
اطلاع کے مطابق ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان کی انکوائری رپورٹ کی بنیاد پر عثمان بزدار کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مقدمات میں سرکاری زمین کو جعلسازی سے اپنے نام منتقل کروانے کی دفعات شامل ہیں جبکہ متن میں لکھا گیا ہے کہ سردار عثمان بزدار نے 900 کنال سرکاری زمین کی الاٹمنٹ کے بارے میں جعلی لیٹر تیار کروایا اور 1986 میں منتقلی ظاہر کر کے زمین ہتھیا لی۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف اینٹی کرپشن میں مقدمات درج ،مقدمات میں سابق وزیر اعلیٰ کے بھائیوں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ سردار عثمان بزدار نے اپنے دور اقتدار میں سرکاری زمین کی الاٹمنٹ کے بارے میں 1982 کا جعلی لیٹر تیار کروایا900 کینال سرکاری زمین کو اپنے نام منتقل
— Muhammad Hasan Raza محمد حسن رضا (@HasanRazaLhr) June 19, 2022
ذرائع کے مطابق عثمان بزدار اور بھائیوں پر الزام ہے کہ انہوں نے تونسہ میں کروڑوں روپے مالیت کی 900 کنال سرکاری زمین جعلی طور پر اپنے نام منتقل کروائی۔ ملزمان کے خلاف تھانہ اینٹی کرپشن ڈی جی خان میں مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ چند دن پہلے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے رہنما عثمان بزدار نے بطور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب مراعات کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی ۔سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے مراعات کے حصول کے لیے ملتان بنچ میں دائر پٹیشن پرنسپل سیٹ پر ٹرانسفر کرنے کی متفرق درخواست بھی دائر کی ہے۔عثمان بزدار کی جانب سے لاہور ہائی کورت میں درخواست سینئر قانون دان اظہر صدیق کی وساطت سے دائر کی گئی ہے ۔
درخواست میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنجاب منسٹرز مراعات ایکٹ کے تحت بطور سابق وزیر اعلیٰ مراعات سے محروم رکھا جا رہا ہے، 23 مئی سے قانون کے تحت بطور سابق وزیر اعلی حاصل مراعات نہیں دی جا رہیں، مراعات کے حصول کے لیے متعلقہ حکام کو تحریری طور پر گزارشات کیں مگر سنوائی نہیں ہوئی۔
درخواست میں عدالت عالیہ سے اپیل کی گئی ہے کہ قانون کے تحت سابق وزیر اعلی پنجاب کو حاصل مراعات بھی دینے کا حکم دیا جائے۔سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے عدالت سے یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ مراعات کے حصول کے لیے دائر درخواست کو پرنسپل نشست پر سنا جائے۔
دائر کی گئی اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ درخواست میں فریق بنائے گئے چیف سیکرٹری پنجاب لاہور میں ہیں، اس لئے درخواست کو بھی پرنسپل سیٹ پر سنا جائے۔لاہور ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی درخواست پر اعتراض عائد کر دیا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی کل سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی درخواست پر بطور اعتراض کیس کی سماعت کریں گے۔