سرینگر:چیئرمین حریت کانفرنس مسرت عالم بٹ کی طرف سے مکمل ہڑتال کی اپیل پروادی میں سناٹا چھا گیا ،اطلاعات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں آج کشمیریوں کی طرف سے بھارتی مظالم کےخلاف ہڑتال جاری ہے اوریہ بھی اطلاعات ہیں کہ وادی میں اس وقت سناٹا چھایا ہوا ہے اورسڑکوں پر بھارتی فوجی دندناتے پھر رہے ہیں
ادھر وادی سے ملنے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں جعلی مقابلوں میں معصوم شہریوں کے قتل کے خلاف آج مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسرت عالم بٹ نے کل نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں کشمیری عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جعلی مقابلوں میںبے گناہ شہریوں کے قتل کے واقعات کے خلاف کل مکمل ہڑتال کریں۔
ادھربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل شام سرینگر کے علاقے رام باغ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ایک اورجعلی مقابلے میں مزیدتین کشمیری نوجوانوں کے قتل کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نوجوانوںکے قتل کے خلاف علاقے میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور زبردست احتجاجی مظاہرے کئے۔ مظاہرین نے بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ نوجوان بے گناہ شہری تھے اور انہیں فوجیوں نے ایک جعلی مقابلے میں شہیدکیا۔عینی شاہدین نے صحافیوںکو بتایا کہ فوجیوں نے ہماری آنکھوں کے سامنے نوجوانوں کو گاڑی سے باہر نکالا اور سڑک پر گولی مار کر شہید کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ فوجیوں نے تینوں کو گاڑی سے گھسیٹ کرباہرنکالا گیا اور پانچ چھ فوجی اہلکاروں نے ان پر اندھا دھند گولیاں چلائیں جس سے وہ موقع پر ہی شہید ہوگئے۔