چین 430 ارب ڈالر کے ساتھ عرب ملکوں کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے،سعودی وزیر خارجہ

0
45

ریاض: سعودی دار الحکومت ریاض میں دسویں عرب چین بزنس کانفرنس کا انعقاد ہوا ہے جہاں پہلے روز ہی 10 ارب ڈالر کے سرمایہ کاری معاہدوں پر دستخط ہوگئے۔

باغی ٹی وی: غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق الریاض میں اتوار کو دسویں عرب چین تجارتی کانفرنس کے دوران سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ چین 430 ارب ڈالر کے ساتھ عرب ملکوں کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے کانفرنس میں عرب ممالک اور چین کے درمیان شراکت داری اور تعاون کے فروغ پر زور دیا گیا-

دوسری جانب سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب اور چین کے درمیان تعاون کے معاہدوں کے مزید اعلانات کی توقع کرتے ہیں حال ہی میں کچھ اعلانات کیے گئے ہیں اور مجھے حیرت نہیں ہوگی کہ آپ جلد ہی کچھ اور اعلانات سنیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اس بات کا اندازہ لگاؤں گا کہ ہم چین میں کیوں دلچسپی رکھتے ہیں، یہ بہت آسان ہے جب تیل کی بات آتی ہے تو چین میں تیل کی طلب اب بھی بڑھ رہی ہے لہٰذا یقیناً ہمیں اس طلب کو پورا کرنا ہوگا،ہم چین میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں کیونکہ ہمارے پاس خام تیل سے کیمیکلز تک کا ایک متحرک اور سود مند پروگرام بھی ہے۔اس میں چینی سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے فریق ہیں۔

شہزادہ عبدالعزیز نے سعودی عرب اور چین کے درمیان بڑھتے ہوئے گرم جوش تعلقات پر ہونے والی تنقید کو مسترد کردیا اور کہا کہ اس طرح کی تنقید کو نظر انداز کیا جانا چاہیے۔

رپورٹس کے مطابق الریاض میں ہونے والے اس عرب چین بزنس کانفرنس کے 10 ویں اجلاس کا مقصد سرمایہ کاری، معیشت اور تجارت کے شعبوں میں بیلٹ اور روڈ اقدام پر مبنی تزویراتی عرب چین شراکت داری کو بڑھانا ہے دو روزہ کانفرنس میں 40 ارب ڈالر کے معاہدے طے پانے کی توقع ہے ، کانفرنس میں چین اورعرب ملکوں کی ساڑھے3 ہزار سے زائد کاروباری شخصیات اور نمائندے شرکت کر رہے ہیں ۔

Leave a reply