سرگودھا(نمائندہ باغی ٹی وی)سرگودھا یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ چائنیز لینگوئج ٹریننگ پروگرام کا آغاز کر دیا گیا۔ٹریننگ پروگرام پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف چائنہ سٹڈیز (PICS) کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے جس میں ابتدائی طور پر 6 شعبہ جات کے منتخب طلبہ کو چینی زبان سکھائی جائے گی اور چینی زبان سکھانے کے لئے 2 چینی اساتذہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ ہیڈ کوارٹر سے سرگودھا یونیورسٹی آئے ہیں جنہوں نے کلاسز کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے اور اس کا دورانیہ 6 ماہ کا ہوگا۔ چینی زبان سکھانے کے عمل کو موثر بنانے کے لئے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف چائینہ اسٹڈیز کے زیر اہتمام ایک تعارفی لیکچر کا اہتمام کیا گیا جس سے پاکستان میں چینی زبان کی ماہر وانگ سوچنگ (سیلینہ وانگ) نے خطاب کیا ،اس موقع پر انہوں نے طلبہ کو بتایا کہ چینی زبان اتنی مشکل نہیں جتنا اس کا تاثر ملتا ہے۔ دنیا میں ڈیڑھ ارب سے زائد لوگ چینی زبان بولتے ہیں اور 21ویں صدی میں پوری دنیا کے 21 فیصد لوگ چینی زبان سے واقف ہیں ۔انہوں نے کہا کہ چینی زبان تصویری، صوتی اور ان دونوں کا مرکب ہے جبکہ چین کے اندر مختلف انداز سے چینی زبان بولی جاتی ہے اور ایک محتاط انداز کے مطابق چینی زبان تین ہزار سال سے زائد پرانی ہے ۔اس موقع پر چینی ماہر زبان نے طلبہ کو چینی زبان کے بنیادی الفاظ سے بھی آگاہ کیا اور ان کی تربیت کی۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف چائنہ سٹڈیز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فضل الرحمان نے اس موقع پر کہا کہ ابتدائی طور پر یونیورسٹی کے 6 شعبہ جات سے طلبہ کو چینی زبان سیکھنے کیلئے منتخب کیا گیا ہے بعدازاں دیگر شعبوں کو بھی اس میں شامل کیا جائے گا اور یہاں طلبہ کو چینی زبان سے واقفیت سے بھرپور مواقع میسر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین 2030 ءمیں دنیا کی نمبرون معیشت بن جائیگی جبکہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ کے تحت 70 سے زائد ممالک کو منسلک کیا گیا ہے جس میں سی پیک بھی شامل ہے اور اس سے روزگار اور تجارت کے مواقع پیدا ہوں گے، اس طرح ہماری یہ خوش قسمتی ہے کہ دنیا کی ابھرتی قوت ہمارا ہمسایہ ہے ۔انہوںنے بتایا کہ سرگودھا یونیورسٹی میں جلد ہی کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کا قیام بھی جلد متوقع ہے جس سے یہاں چینی ماہرین کی آمدورفت میں اضافہ ہو گا جبکہ چینی زرعی ماہرین پہلے ہی سرگودھا کی زراعت میں اپنی دلچسپی ظاہر کر چکے ہیں جس سے سرگودھا اور اس کے گردونواح میں ترقی کا نیا عمل شروع ہو گا اور اس کے لئے ضروری ہے کہ ہماری کمیونیکیشن بہتر ہونی چاہےے اور اس مقصد کے لئے چینی زبان کے کورسزز کا آغاز کیا گیا ہے۔